شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 272واں عرس پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ

جمعرات 26 نومبر 2015 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی تین روزہ تقاریب کے موقع پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے۔اور اس سلسلے میں درگاہ سے متصل تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے منتظمین اور متعلقہ ادارے سے ہر ممکن تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عرس کی تقاریب میں عقیدت مندوں زائرین و دیگر شہریوں کی ممکنہ کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر درگاہ کے اندرونی حصوں ، اطراف میں اور درگاہ کو جانیوالے مرکزی راستوں پر سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی تعیناتیوں کے ساتھ ساتھ پولیس گشت ، اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ ، کڑی نگرانی و ناکہ بندی کے جملہ اقدامات کو بھی مربوط اور موثر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ درگاہ کے اندرونی و بیرونی احاطوں سمیت اطراف کی بھی ٹیکنیکل سوئپنگ اسکیننگ اور کلیئرنس کے علاوہ تمام اقسام کی گاڑیوں کی پارکنگ کو نا صرف مناسب فاصلوں پر رکھنے بلکہ پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عرس میں شرکت کے لئے جانیوالے زائرین اور ان کے قافلوں کو متعلقہ تھانوں کی سطح پر مربوط رابطوں کے تحت سیکیورٹی کے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مذید کہا کہ تمام مساجد ، امام بارگاہوں ،مزارات / درگاہوں سمیت اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات،تمام پبلک مقامات،اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں وغیرہ کے لئے سیکیورٹی کے جاری اقدامات کو مذید ٹھوس اور مربوط بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :