حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے قوم ایک دن بھکاری بن جائے گی ،دھاندلی زدہ حکمرانوں نے قوم کو دھوکہ دینا اور پیسے کے ضیاع کا عہد کررکھا ہے ، چودھری خالد محمود گجر

جمعرات 26 نومبر 2015 20:04

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء چودھری خالد محمود گجر نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے قوم ایک دن بھکاری بن جائے گی ۔دھاندلی زدہ حکمرانوں نے قوم کو دھوکہ دینا اور پیسے کے ضیاع کا عہد کررکھا ہے ۔وہ ان خیالات کا اظہار رائے ونڈ کے صدر چودھری جاوید مسعود اور جنرل سیکرٹری چودھری کاشف اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی بیڈ گورننس کے رحم و کرم پر ہیں ۔قرضے لے لیکر ملک کب تک چلایا جاسکتا ہے ۔عوام ناانصافیوں کے خلاف نہ اٹھے تو حکمران ملک کو بیچ ڈالیں گے ۔خالد گجر نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کیلئے منی بجٹ کا مسودہ تیارکرلیا ہے ،حکومت عملی اقدامات کی بجائے عوام کو زبانی وعدوں پر ٹرخارہی ہے ۔

(جاری ہے)

خالد گجر نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے ۔امریکہ کی پالیسیاں دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اور سابق حکمران ٹولہ تحریک انصاف کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتے ہوئے ہمارے خلاف متحد ہوچکے ہیں ۔انصاف نہ ملاتو سڑکوں پر سیاست ضرور ہوگی ۔ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ۔گڈ گورننس صرف باتوں تک محدود ہے ۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں قومی دولت لوٹ کر غیر ملکی اکاؤنٹ بھرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا ۔تحریک انصاف قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کریں گے