وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) سے آزاد کشمیر کے عوام کو بہت توقعات وابستہ ہیں ،سردار سکندر حیات

آزاد کشمیر میں کرپشن فری صاف شفاف حکومت قائم ہو گی جو لوگوں کے مسائل میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر حل کرے ،وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر ، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان نے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) سے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو بہت توقعات وابستہ ہیں کہ آزاد کشمیر میں ایک کرپشن فری صاف شفاف حکومت قائم ہو گی جو لوگوں کے مسائل میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر حل کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید اور وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے گذشتہ روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن ، اقربا پروری اور ناانصافی کے باعث آزاد کشمیر کے عوام شدید گھٹن اور پریشانی میں مبتلا ہیں آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے صرف انہی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جو وفاقی حکومت کی طرف سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے موجودہ حکومت کو فنڈز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن حکومت کی کرپشن، بدعنوانی اور فضول خرچیوں کے باعث وفاقی حکومت کی تمام تر فنڈز کی فراہمی کے باوجود آزاد کشمیر کے عوام ان ثمرات سے مستفید نہیں ہو سکے ۔۔سردار سکندر حیات خان نے میاں محمد نواز شریف کی کشمیر پالیسی اور کشمیریوں کیساتھ خصوصی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری میاں محمد نواز شریف کے احسان مند ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم بننے کے بعد آزاد کشمیر کے متعدد دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر آنے والے انتخابات میں کسی دیگر سیاسی جماعت سے اتحاد کی بجائے بغیر کسی مدد کے الیکشن میں حصہ لے گی جمو ں کشمیر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی اگر مسلم لیگ(ن) کیساتھ اتحاد کی خواہاں ہیں تو ان کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے لیکن ہماری ترجیح اکیلے انتخاب لڑنے میں ہے۔ مسلم کانفرنس اگر اتحاد کی خواہاں ہے تو وہ مسلم لیگ(ن) میں ضم ہو جائے اگر وہ ضم نہیں ہونا چاہتی تو پھر وہ اتحاد کے خواب دیکھنا چھوڑدے ہمیں ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید اور ڈاکٹر آصف کرمانی نے سردار سکندر حیات خان کو یقین دلایا کہ مستقبل میں جماعتی اور انتخابی امور میں ان کی راہنمائی ، مشاورت، سیاسی بصیرت اور فہم و فراست سے بھرپور استفادہ کیا جائیگا۔ دونوں شخصیات نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ،امریکی صدر بارک اوبامہ اور دیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

میاں محمد نوازشریف آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور آزاد خطہ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات ہیں کہ آزاد کشمیر کی تعمیرو ترقی اور دیگر معاملات میں پوری طرح ترجیحات میں شامل رکھا جائے۔ وفاقی وزیراطلاعات اور معاون خصوصی وزیر پاکستان نے بعد ازاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے بھی ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں میں معروف صحافی مشتاق منہاس، سردار عبدالخالق وصی#، سردار طاہر انور، شفیق انقلابی اور ذولفقار علی ملک موجود رہے۔راٹھور