قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی خزا کی ودہولڈنگ ٹیکس 0.2فیصد کرنے کی سفارش

چیئر قائمہ کمیٹی نے وزیر اعظم کسان پیکج پر تفصیلات طلب کر لیں

جمعرات 26 نومبر 2015 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ودہولڈنگ ٹیکس 0.2فیصد کرنے کی سفارش کر دی ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے بتایا ہے کہ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 8 ارب روپے اکٹھا ہوا ہے اور مالی سال کے آخر تک ایف بی آر 18 ارب روپے اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو جائے گا ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا انیسواں اجلاس گزشتہ روز کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ایک گھنٹہ تاخیر سے قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں وزیر خزانہ نے خصوصی شرکت کی ہے اجلاس میں اکیس ممبران میں سے صرف پانچ ممبران نے شرکت کی جس میں قیصر احمد شیخ ، دانیال عزیز ، نفیسہ شاہ ، سعید احمد منہاس اور اسحاق ڈار شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ودہولڈنگ ٹیکس پر قائمہ کمیٹی کے ممبران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس نے پاکستان کے تاجروں کے لئے ایک اذیت ناک مسئلہ پیدا کر دیا ہے اور اس وجہ سے بیشتر تاجروں نے بنک سے رقم نکال لی ہے اور بنک تفصیلات کے مطابق 350 ارب روپے نکل چکے ہیں ۔ ممبران نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کو 0.6 فیصد سے کم کر 0.2 فیصد کیا جائے ۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قائمہ کمیٹی کو اعتماد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تاجروں سے مل کر اس کا بہتر حل نکال لیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ تاجروں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لئے کیا گیا ہے اور اس بارے تاجروں سے مزید معاملات طے کرنے کے لئے تیار ہیں ۔قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں برآمدات پر لگائے گئے سیل ٹیکس کی رقم کو واپس کرنے کے لئے سفارش کی گئی جس کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے کہ یہ ایک قرض کی صورت میں گزشتہ 25 سال سے آ رہا ہے جو کہ اب 110 ارب روپے سے کم ہو کر 86 ارب روپے رہ گیا ہے اور اس کو مزید کم کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ بدقسمتی سے برآمدات میں کمی کی وجہ سے سیل ٹیکس کی وصولی میں بھی کمی آئی ہے چیئرمین قائمہ کمیٹی قیصر احمد شیخ اور ممبران نے وزیر اعظم کے کسان پیکج پر تفصیلات طلب کر لی ہے تاکہ کسان پیکج کو اچھے طریقے سے عوام تک پہنچایا جا سکے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید تفصیل دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس سے ٹیکس پیئر کی تعداد میں ایک لاکھ اضافہ ہوا ہے اور امید ہے رواں سال کے آخر تک یہ تعداد بڑھ کر قومی ٹیکس کے دائرہ میں دس لاکھ ٹیکس پیئر تک پہنچ جائیں گے

متعلقہ عنوان :