ِ جاپان نے پاکستان ہائیکو سوسائٹی کو ہائیکو شاعری کو اردو میں فروغ دینے میں اہم کردار پر تعریفی سند سے نوازدیا

آرٹ اور لٹریچر دو ایسے ستون ہیں جن کی مدد سے دنیا کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے ، جاپانی سفیر کا منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 26 نومبر 2015 20:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) حکومتِ جاپان نے پاکستان ہائیکو سوسائٹی کو پاکستان میں جاپانی ہائیکو شاعری کو اُردو زبان میں فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے پر جاپانی وزیرِ خارجہ کی طرف سے تعریفی سند سے نوازا ہے۔ اعزازی سند دینے کی باقاعدہ تقریب جمعرات کو جاپانی سفارتخانے میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے جاپانی وزیرِ خارجہ کی طرف سے پاکستان ہائیکو سوسائٹی کو یہ اعزازی سند دی۔

پاکستان ہائیکو سوسائٹی کو اِس کی اعلی خدمات کے پیشِ نظر تعریفی سند دینے کے فیصلے کا اعلان اگست 2015 میں جاپانی وزارتِ خارجہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔جاپانی وزیرِ خارجہ کی طرف سے یہ تعریفی سند ہر سال مختلف ممالک کے اُن افراد یا گروپس کو دی جاتی ہے جنھوں نے عالمی سطح پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو اور جاپان کے دوسرے ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہو۔

(جاری ہے)

جاپانی سفیر نے اِس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور لٹریچر دو ایسے ستون ہیں جن کی مدد سے دنیا کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ اُنھوں نے پاکستان ہائیکو سوسائٹی کے صدر نسیمِ سحر اور دیگر ممبران کی طرف سے پاکستان میں ہائیکو کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور جاپانی وزیرِ خارجہ کی طرف سے تعریفی سند وصول کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

پاکستان ہائیکو سوسائٹی 1994 میں راولپنڈی میں قائم ہوئی اور ایک طویل عرصے سے پاکستان میں جاپانی ہائیکو شاعری کو اُردو زبان میں فروغ دینے میں بنیادی اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ہائیکو سوسائٹی پاکستان کے مختلف شہروں میں جاپانی سفارتخانے کے تعاون سے ہر سال اُردو ہائیکو مشاعرے کا انعقاد کرتی ہے جس میں پاکستان کے نامور شعراء اپنی اپنی ہائیکو اُردو زبان میں پیش کرتے ہیں۔

پاکستان ہائیکو سوسائٹی کی اِن کاوشوں سے پاکستان میں جاپانی ہائیکو شاعری اُردو زبان میں بتدریج مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ سفارتخانہِ جاپان نے پاکستان ہائیکو سوسائٹی کے تعاون سے گزشتہ سال کے شروع میں پہلی مرتبہ اردو ہائیکو شاعری کی تربیتی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا تھا جس میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہائیکو روائتی جاپانی شاعری کی ایک ایسی صنف ہے جو مختصر مگر بہت معنی خیز ہوتی ہے۔جاپان میں ہائیکو شاعری کا آغاز سترہویں صد ی میں ہوا اور آج نہ صرف جاپان بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ہائیکو شاعری مشہور ہے۔ پاکستان میں بھی ہائیکو شاعری لکھنے والے شعراء کی تعداد اچھی خاصی ہے۔

متعلقہ عنوان :