بیماریوں سے بچاؤ کے لیے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو کے قطرے پلانے کے نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کاای پی آئی کے قومی اور صوبائی شعبوں پر ہر6ماہ بعد اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے پر زور

جمعرات 26 نومبر 2015 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات کے (ای پی آئی ) قومی اور صوبائی شعبہ جات پر زور دیا ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات خا ص طور پر پولیو کے قطرے پلانے کے حوالہ سے اپنی اپنی کارکردگی کا ہر6ماہ بعد جائزہ لیں انہوں نے سالانہ ای پی آئی کے سالانہ اجلاس کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے وقتاً فوقتاً کارکردگی کا جائزہ لینے اور شعبہ جات کے اندر بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نظام میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کو دور کیا جاسکے۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو کے قطرے پلانے کے نظام کو بہتر بنانا ورارت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی ایچ ایس کی حفاظتی ٹیکہ جات کی صوبوں میں کوریج کے بارے میں حالیہ رپورٹ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے وفاقی وزارت صحت کے کردار کو اجاگر کیا۔اور تمام صوبوں کو ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کا یقین دلایا اور یکساں کارکردگی اور یکساں پالیسی کے لیے رابطہ کاری کی اہمیت کار بارے بتایا۔

بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات کے سالانہ جائزہ میں سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈنیشن ایوب شیخ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، نیشنل پروگرام منیجر ای پی آئی ڈاکٹر ثقلین احمد گیلانی، صوبائی ای پی آئی منیجر زاور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔سالانہ جائزہ اجلاس کے دوران تمام صوبوں نے ای پی آئی پروگرام کے بارے میں حالیہ صورتحال پیش کی اور اس دوران ورکنگ گروپوں نے آئندہ 6ماہ کے لیے اپنے کام کا لائحہ عمل تیار کیا۔

متعلقہ عنوان :