تھیلا سیمیاکے مریض بچوں کا 30 رکنی وفد قومی تھیلا سیمیا کانفرنس میں شرکت کے لئے کراچی روانہ

مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر یاسمین راشد نے ریلوے اسٹیشن سے بچوں کو الوداع کیا

جمعرات 26 نومبر 2015 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان سے غربت ، جہالت اور بیماریوں کے خاتمہ کے لئے پوری سوسائٹی کو قومی جذبہ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا - انہوں نے کہا کہ تھیلا سیمیا کا مرض ہمارے بچوں کے لئے مستقل خطرہ ہے جس کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے لوگ شادی سے قبل لڑکی اور لڑکے کا تھیلا سیمیا کا ٹیسٹ کرائیں تاکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے - انہوں نے یہ بات لاہور ریلوے اسٹیشن پر قومی تھیلا سیمیا کانفرنس میں شرکت کے لئے کراچی روانہ ہونے والے 30 رکنی تھیلا سیمیا کے مریض بچوں کو وفد کو الوداع کرتے ہوئے کہی - اس موقع پر تھیلا سیمیا سوسائٹی آف پاکستان کی پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں تھیلا سیمیا کے مرض پر قابو پانے اور سیف بلڈ ٹرانسفیوژن کے سلسلہ میں جلد قانون سازی کی جا رہی ہے - میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کی راہنما پروفیسر یاسمین راشد کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی معاملات پر اور غربت ، ناخواندگی اور بیماری کے خاتمہ کے لئے تمام راہنماؤں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ بچے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے- خواجہ سلمان رفیق نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لاہور سے کراچی جانے والے وفد میں ایسے بچے بھی شامل ہیں جنہوں نے آج سے دس سال پہلے ہونے والی پہلا نیشنل تھیلا سیمیا کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی اور بڑے حوصلے سے خونی بیماری کے خلاف جنگ میں شریک ہیں-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب تھیلا سیمیا پری وینشن پروگرام کو مزید فعال اور موثر بنایا جا رہا ہے اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلعی ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر تھیلا سیمیا سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں - کراچی میں 10 ویں قومی تھیلا سیمیا کانفرنس 27 نومبر سے شروع ہو رہی ہے جو 29 نومبر تک جاری رہے گی -