عالمی اسلامی اقوام متحدہ کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے‘سیدریاض حسین شاہ

جمعرات 26 نومبر 2015 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو لبرل بنانے کی باتیں خلاف آئین ہیں، عالمی اسلامی اقوام متحدہ کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے،مسلم ممالک مشترکہ کرنسی کا اجراء کریں اور مشترکہ دفاعی فورس قائم کریں، عالمی سطح پر مسلمانوں کے ساتھ ناانصافیاں ختم نہ ہو ئیں تو انتہا پسندی بڑھتی رہے گی، اہل حق پاکستان میں لبرل ازم نہیں چلنے دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت برطانیہ کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ قر آنی تعلیمات سے رو گردانی کے باعث امت مسلمہ مشکلات سے دو چار ہے۔مغرب میں اسلام کی بڑھتی مقبولیت سے اسلام دشمن طاقتیں خائف ہیں۔ یورپ میں چرچ فروخت ہورہے ہیں اور مساجدمیں اضافہ ہو رہا ہے۔مسلم نوجوان جدید علوم و فنون سیکھ کر اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کریں۔