نیب کا قانون سندھ اور پنجاب کے لئے الگ الگ ہے ،تمام صوبوں کیلئے یکساں قانون ہونا چاہیے ‘منظوراحمد وٹو

کارکردگی کی بناپر میرے سمیت پنجاب کی قیادت میں کسی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا ، ایسی باتیں بے بنیاد ہیں ‘میڈیاسے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظوراحمد وٹو نے کہاکہ ہے کہ نیب کا قانون سندھ اور پنجاب کے لئے الگ الگ ہے ،سندھ سے امتیازی سلو ک برتا جا رہا ہے جس کیسخت مذمت کر تے ہیں ،تمام صوبوں کیلئے یکساں قانون ہونا چاہیے ،خان صاحب نے بلاول کو سیاست کیا سکھانی ہے ، سیاست بلاول کے خون میں شامل ہے ،بلاول بہت جلد لاہو رآئیں گے اور صرف دورہ نہیں کریں گے بلکہ قیام کریں گے،کارکردگی کی بناپر میرے سمیت پنجاب کی قیادت میں کسی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی اور پنجاب کونسل کے اراکین کے ہمراہ امین فہیم مرحوم کیلئے منعقدہ تعزیتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر عزیز الرحمن چن ، تنویر اشرف کائرہ ،تسنیم قریشی،جہاں آراء وٹو،غلام فرید کاٹھیا،اورنگزیب برقی،اسلم گِل،بیرسٹر عامر حسن ، راجہ عامر ، عابد صدیقی اور دیگر ان کے ہمرا تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون سندھ کیلئے اور ہے اور پنجاب کیلئے اور ہے ،سندھ سے امتیازی سلو ک برتا جا رہا ہے ،اس کی سخت مذمت کر تے ہیں ، ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں ، لیکن یہ صرف سندھ میں ہی نہیں بلکہ تمام صوبوں میں ہوناچاہیے اور اس کیلئے تمام صوبوں میں یکساں قانون کانفاذ ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ خان نے بلاول کو سیاست کیا سکھانی ہے ، سیاست بلاول کے خون میں شامل ہے اور ان کی سیاسی تربیت بہت بہتر طور پر ہوئی ہے ، ان کو سیاست ورثے میں ملی ہے ۔

منظور وٹو نے کہا کہ میں نے بلاول کولاہور کے دورے کی دعوت دی تھی جو کہ انہوں نے قبول کر لی ہے اور وہ بلدیاتی انتخابات کے بعد بہت جلد لاہور آرہے ہیں ،اب وہ لاہور کا صرف دورہ کرنے نہیں بلکہ یہاں قیام کرنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے میرے ایک ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ 50اجتماعی شادیوں کی تقریب میں بھی شرکت کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔ منظور وٹو نے کہا کہ کارکردگی کی بناپر میرے سمیت پنجاب کی قیادت میں کسی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا ، ایسی باتیں بے بنیاد ہیں ،ہماری پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں سال 2013ء سے بھی زائد ووٹ حاصل کیے ہیں ہماری پارٹی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کافی نشستیں حاصل کی ہیں ۔

ہما ری پارٹی نے ان انتخابات میں کم بیک کیا ہے لالہ موسیٰ میں ہماری جماعت نے 24نشستیں جیتی ہیں اور وہاں چیئرمین ہماری جماعت کا آرہا ہے اور اس کے علاوہ بھی خانقاہ ڈوگراں ، ساہیوال ، سرگودھا سمیت بہت سے اضلاع میں نمائیاں کامیابی حاصل کی ہے ۔ تعزیتی اجلاس میں مخدوم امین فہیم مرحوم کی سیاسی خدمات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :