اٹلس ہنڈالمیٹڈ ، میزان بینک اور کارانداز پاکستان کے درمیان معاہدہ

جمعرات 26 نومبر 2015 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) اٹلس ہنڈالمیٹڈ نے میزان بینک اور کارانداز پاکستان کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے آٹو پارٹس بنانے والوں کو سپورٹ کرنے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔میزان بینک اور کارانداز پاکستان کے درمیان 50ملین ڈالر کی کارپوریٹ وینڈرز اور ڈسٹری بیوٹر فنانس کے معاہدے پر حال ہی میں دستخط ہوئے ہیں اور اٹلس ہنڈا کے ساتھ پارٹنر شپ اسی معاہدے کا نتیجہ ہے۔

اس معاہدے کے نتیجے میں اٹلس ہنڈا کے آٹو پارٹس وینڈرز کو اپنے کاروبار کو بہتر بنانے کیلئے کیپٹل انوسٹمنٹ فراہم کی جائے گی اور ان وینڈرز کا انتخاب اٹلس ہنڈا ان کی کارکردگی، کریڈٹ ہسٹری اور گروتھ پوٹینشل کو سامنے رکھتے ہوئے کرے گا۔ اس طرح آٹوپارٹس مقامی سطح پر بنانے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں اٹلس ہنڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ثاقب ایچ شیرازی، میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسراور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عارف الاسلام اور کاراندازپاکستان کے چیف انوسٹمنٹ آفیسر اسداظفر بھی موجود تھے۔اس موقع پر اٹلس ہنڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ثاقب ایچ شیرازی نے کہاکہ میزان بینک اور کارانداز پاکستان کی کوششیں بروقت اور پاکستان آٹو موبائل سیکٹرکی ترقی کیلئے نمایاں کردار اداکرسکتی ہیں۔

میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسراور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عارف الاسلام نے کہاکہ اٹلس ہنڈا کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے وینڈرز کو سہولت فراہم کرنا میزان بینک اور کارانداز کے معاہدے کی پہلی عملی شکل ہے اور اس سے آٹو انڈسٹری کی سپلائی چین کو بہتر بنایاجاسکے گا۔کاراندازپاکستان کے چیف انوسٹمنٹ آفیسر اسداظفر نے اس موقع پرکہاکہ اس معاہدے کے کامقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے وینڈرز کو قرضے کی سہولت یقینی بناناہے تاکہ وہ بہتر انداز میں کاروبار بڑھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :