حضرو کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی، تمام افواہیں دم توڑ گئیں

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 26 نومبر 2015 22:15

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 نومبر۔2015ء)حضرو کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی، تمام افواہیں دم توڑ گئیں ، میجر گروپ کے رہنما حاجی شیراز خان مسلم لیگ(ن) میں شامل، رئیس ڈار بلدیہ حضرو کیلئے چیئرمین ، شیراز خان وائس چیئرمین ہونگے، خان گروپ کے امیدوار طاہر بیگ رئیس ڈار کے حق میں دستبردار، کاغذات نامزدگی واپس لے لئے، وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کا حاجی شیراز خان ، طاہر بیگ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین، شیراز خان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کو مزید تقویت ملے گی، اتحاد میں اہم کردار رضا خان اور ڈاکٹر اشرف بٹ نے ادا کیا،شیخ آفتاب احمد کی صحافیوں سے گفتگو، تفصیلات کے مطابق حضرو میں ڈار گروپ اور خان گروپ کے اتحاد کے حوالہ سے پھیلی رنگا رنگ افواہیں اور قیاس آرائیاں حقیقت میں تبدیل ہو گئی ہیں جس میں اہم کردار ڈاکٹر اشرف بٹ نے ادا کیا جبکہ تحصیل ناظم رضا خان نے اتحاد کو خوش اسلوبی سے طے پانے میں حصہ لیا، ڈاکٹر اشرف بٹ کی رہائشگاہ پر رضا خان، حاجی شیراز خان، رئیس ڈار، سعید آرائیں، خاور ڈار، وقار ڈار، رفیق بھولا ، حاجی احسان خان کے ہمراہ باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمدنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈاکٹر اشرف بٹ اور رضا خان کی کاوش سے رئیس ڈار اور حاجی شیراز خان کے درمیان نہ صرف اتحاد قائم ہوا ہے بلکہ شیراز خان باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں بھی شامل ہو گئے ہیں جبکہ رئیس ڈار کے مد مقابل طاہر بیگ اب الیکشن نہیں لڑینگے اور انہیں کسان کونسلر منتخب کیا جائے گا (جس پر شیراز خان،طاہر بیگ اور رئیس ڈار نے تصدیق کی ) فیصلے کے مطابق رئیس ڈار بلدیہ حضرو کے چیئرمین، حاجی شیراز خان وائس چیئرمین ہونگے ، شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ حاجی شیراز خان کا حضرو کی سیاست میں اہم کردار ہے ان کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے حضرو میں مسلم لیگ(ن) کے قلعے کی دیواریں مزید مضبوط ہو گئی ہیں، حاجی شیراز خان، طاہر بیگ سمیت اب ہماری پوری ٹیم باکردار اور خدمت کے جذبہ سے سرشار شخصیات پر مشتمل ہے جبکہ اس ٹیم کے ساتھ مل کر شیراز خان ، طاہر بیگ پہلے سے بہتر عوام کی خدمت کر سکیں گے کیونکہ صوبے اور مرکز میں مسلم لیگ(ن) کی حکومتیں ہی ہیں جو بلدیاتی اداروں اور ممبران کو بھر پور سپورٹ کرینگی، شیخ آفتاب احمد نے طاہر بیگ کی قربانی کا خصوصی ذکر کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیاجبکہ رفیق بھولا اور مناف خان کے کارکردگی و قربانی کو بھی سراہتے ہوئے انہیں ایک اچھی ٹیم ملنے پر مبارکباد پیش کی، اس موقع پر خان گروپ کے صدر محمد خالد خان نے کہا کہ میں ڈاکٹر اشرف بٹ ، رفیق بھولا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 4ووٹوں سے شیراز خان کی برتری کو تسلیم کیا جبکہ محمد علی خان نے بھی صرف 9ووٹوں سے مناف خان کی جیت کو تسلیم کیا جس کے نتیجے میں یہ اتحاد ہوا ، اس موقع پر ڈاکٹر اشرف بٹ نے بھی محمد خالد خان ، حاجی شیراز خان اور طاہر بیگ کو خراج تحسین پیش کیا