وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ترکی کے معروف البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک کی سربراہی میں وفدکی ملاقات

شہبازشریف نے صوبے کی ترقی کیلئے انتھک محنت کی ہے،پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں‘ترک وفد

جمعرات 26 نومبر 2015 22:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے یہاں ترکی کے معروف البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی،ملاقات میں انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اورانجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ترک وفدنے انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اورانجینئرنگ کے شعبوں میں پنجاب کے ساتھ تعاون پر آمادگی کا اظہارکیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تعلقات ہر آنے والے وقت کے ساتھ مستحکم ہورہے ہیں ۔دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ترکی کی کئی کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ ترک کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے مابین معاشی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔منصوبوں میں شفافیت ،اعلی معیار اور تیزرفتاری کو ملحوظ خاطر رکھاجاتا ہے ۔ترک وفدکے اراکین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں ۔صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کی ترقی کیلئے انتھک محنت کی ہے،جس کے باعث پنجاب آج ترقی کی جانب گامزن صوبہ نظر آتا ہے اورلاہور شہر صفائی میں استنبول کے ہم پلہ دکھائی دیتا ہے ۔

ایم این اے مہر اشتیاق احمد ،خواجہ احمد حسان،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔