الامُہ لائرز فورم اور نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام بنگلہ دیش میں محبان پاکستان کی مسلسل پھانسیوں کے خلاف زبر دست مظاہرہ

جمعرات 26 نومبر 2015 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) لاہور کے جی پی او چوک میں الامُہ لائرز فورم اور نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام بنگلہ دیش میں محبان پاکستان کی مسلسل پھانسیوں کے خلاف زبر دست مظاہرہ ‘مظاہرہ میں وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔اس موقع پربنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد کے خلاف زبرد ست نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرہ سے راؤ طاہر شکیل ،علی عمران شاہین،رانا عبدالحفیظ،میاں اشرف عاصمی،نعمان یحییٰ،علامہ ممتاز اعوان،ڈاکٹر شاہد نصیرو دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ حسینہ واجد بھارتی ہاتھوں میں کھیل کر پاکستان دشمنی میں اپنے ہی معزز ترین شہریوں کو جو وہاں کے بار بار وفاقی وزراء اور رکن پارلیمان تک رہے ہیں،پھانسیاں دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ سب انسانیت کا کھلا قتل اور بدترین دہشت گردی ہے۔

حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمان نے 1974میں پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش کے اس سہ فریقی معاہدے پر دستخط کئے تھے جس میں طے پایا تھا کہ تینوں ممالک 1971کی جنگ کے کسی مقدمے یا قضیئے کو نہیں کھولیں گے اور یہ معاملہ یہیں دفن کیا جا رہا ہے۔حسینہ واجدنے 35سال بعد اس معاہدہ کو توڑا ہے ۔حکومت پاکستان اس مسئلے پرشدید ردعمل کا اظہار کرے اورمعاہدے کی خلاف ورزی پر مسلم دنیا اورعالمی فورمز پر احتجاج کے ساتھ بین الاقوامی تحریک چلائی جائے۔

جن لوگوں کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں ان کا جرم پاکستان سے محبت بتایا جا رہا ہے، اس لحاظ سے ان بے گناہ لوگوں کادفاع پاکستان کا ہی فرض بنتا ہے۔شرکاء نے پھانسی پا کر شہادت سے ہمکنار ہونے والے بنگلہ دیشی شہدا کی بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کی ۔اس موقع پر حرمت رسول ؐ کے دفاع کے لئے گستاخانہ خاکوں اور فلموں کے خلاف ہفتہ وار احتجاج بھی کیا گیا جسے مسلسل 149ہفتے مکمل ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :