اکرم خان دُرانی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ،دوافرادجاں بحق

وفاقی وزیر نرمی خیل بکاخیل میں جلسہ میں شرکت کے بعدواپس جارہے تھے، بلٹ پروف گاڑی کی وجہ سے محفوظ رہے

جمعرات 26 نومبر 2015 23:03

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان دُرانی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ،بال بال بچ گئے ،ایمبولنس گاڑی بم کا نشانہ بن کر اردلی سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے جبکہ وفاقی وزیر بلٹ پروف گاڑی میں ہونے پردھماکے میں محفوظ رہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان کے چچا ملک نواب خان اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع نرمی خیل بکاخیل میں جلسہ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان دُرانی کوخصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی جلسہ میں وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی اپنے چچا زاد ایم پی اے اعظم خان دُرانی،ملک احسان خان کے ہمراہ شرکت کی جلسہ میں بنوں کے ضلعی اور تحصیل کونسلروں نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی تقریر ختم کرکے جب رخصت ہوکر گاڑی میں بیٹھ گئے اور جلسہ گاہ سے گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ نکلے ہی تھے کہ اُن کی گاڑی گذرتے ہی دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی کے پیچھے جانیوالی ایمبولینس گاڑی نشانہ بن کر ہوا میں اُچل گئی دھماکے کے نتیجے میں ایمبولینس گاڑی میں سوار ہسپتال اردلی احسان نشانہ بن کر جاں بحق ہوگئے اور گاڑیوں کے قافلے میں شامل ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایمبولینس گاڑی کے ڈرائیور راؤف اوردوسرا اہلکار شیرین نشانہ بن کر زخمی ہوگئے موقع پر موجود پولیس نے بم ڈسپوزل یونٹ طلب کرلیا جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں پہنچایا تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :