میرے گھر سے دو ارب روپے کی برآمد گی کی باتیں جھوٹی ہیں، مجھ پرکوئی کیس، پھر میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی، ڈاکٹر عاصم کو جب موقع ملا وہ کھل کر اپنا موقف دیں گے، جس کی حکومت ہوتی ہے وہ اپنی مرضی سے اپنا قانون لاتا ہے

صوبائی وزیر شرجیل میمن کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 23:08

دبئی؍اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ان کے گھر سے دو ارب روپے برآمد ہونے کی خبر جھوٹی ہے، میرے اوپر کوئی کیس، پھر میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی، ڈاکٹر عاصم کو جب موقع ملا وہ کھل کر اپنا موقف دیں گے، جس کی حکومت ہوتی ہے وہ اپنی مرضی سے اپنا قانون لاتا ہے،۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اڑھائی ماہ سے سرجری کیلئے بیرون ملک موجود ہوں، ای سی ایل میں نام شامل ہونے پر جلد واپس آؤں گا، میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں اور نہ ہی کوئی تفتیش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ پہلے ذاتی دشمنی اور سیاسی مخالفت کی وجہ سے لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جاتے تھے مگر اب ایسا نہیں ہو گا، اب عدالتی احکامات کے بنا کسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈالا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں چوہدری نثار سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ میرا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے کیا عدالتی احکامات آئے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ جس کی حکومت ہوتی ہے وہ اپنی مرضی سے اپنا قانون لاتا ہے، دبئی سے واپسی کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی مزید ایکسرے ہونے ہیں، ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے، ابھی وطن واپسی کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔

شرجیل میمن کے گھررینجرز کے چھاپے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا، میں نے دو ارب روپے برآمد ہونے کی جھوٹی خبر چلانے والوں کے خلاف عدالتی نوٹس بھیجا، جس پر انہوں نے معذرت کی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو جب بھی موقع ملا وہ کھل کر اپنا موقف دیں گے، میں نہیں سمجھتا کہ ڈاکٹر عاصم کا کسی دہشت گردی سے کوئی تعلق رہا ہو