Live Updates

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان دُرانی پر بم دھماکے میں بال بال بچ گئے ،ایمبولنس گاڑی بم کا نشانہ بن گئی ، 2افراد جاں بحق ، 2افراد زخمی ، صدر مملکت، وزیراعظم ‘وزیر داخلہ ، عمران خان اور دیگر کی بم حملے کی شدید مذمت

دُرانی تقریر ختم کرکے گاڑی میں جلسہ گاہ سے نکلنے لگے تودھماکہ ہوگیا، ایمبولینس ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بن کر ہوا میں اُچھل گئی،ہلاک ہونے والوں میں ایک اردلی اور موٹر سائیکل سوارشامل ،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا

جمعرات 26 نومبر 2015 23:11

بنوں/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اکرم خان دُرانی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ،بال بال بچ گئے ،ایمبولنس گاڑی بم کا نشانہ بن کر اردلی سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے جبکہ وفاقی وزیر بلٹ پروف گاڑی میں ہونے پردھماکے میں محفوظ رہے، صدر مملکت ممنون حسین وزیراعظم نواز شریف ‘وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور دیگر نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی پر بم حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اکرم درانی جمعرات کو وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان کے چچا ملک نواب خان اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کررہے تھے اس سلسلے میں تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع نرمی خیل بکاخیل میں شمولیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان دُرانی کوخصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی جلسہ میں وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی اپنے چچا زاد ایم پی اے اعظم خان دُرانی،ملک احسان خان کے ہمراہ شرکت کی جلسہ میں بنوں کے ضلعی اور تحصیل کونسلروں نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی تقریر ختم کرکے جب رخصت ہوکر گاڑی میں بیٹھ گئے اور جلسہ گاہ سے گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ نکلے ہی تھے کہ اُن کی گاڑی گذرتے ہی دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی کے پیچھے جانیوالی ایمبولینس گاڑی نشانہ بن کر ہوا میں اُچھل گئی دھماکے کے نتیجے میں ایمبولینس گاڑی میں سوار ہسپتال اردلی احسان نشانہ بن کر جاں بحق ہوگئے اور گاڑیوں کے قافلے میں شامل ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایمبولینس گاڑی کے ڈرائیور راؤف اوردوسرا اہلکار شیرین نشانہ بن کر زخمی ہوگئے موقع پر موجود پولیس نے بم ڈسپوزل یونٹ طلب کرلیا جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں پہنچایا تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین وزیراعظم نواز شریف ‘وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور دیگر نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی پر بم حملے کی شدید مذمت اور بچ جانے پر اظہار اطمینان جبکہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کیلئے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی وزیر اکرم خان درانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی طرف سے بزدلانہ حملوں کے باوجود بدامنی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔

صدر مملکت نے حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انھوں نے زخمیوں دوران علاج تمام سہوتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات