کسی بھی ترقی پذیر معاشرے میں خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے بچوں کی شرح اموات پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے،گورنر بلوچستان

جمعرات 26 نومبر 2015 23:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی ترقی پذیر معاشرے میں خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے بچوں کی شرح اموات پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان میں سیاسی وسماجی آبادی کے مسائل پر 16ویں سالانہ پاپولیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کا اہتمام آئی ٹی یونیورسٹی تکتو کیمپس میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پاپولیشن کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بہبود آبادی قومی ترجیحات میں اہم مقام رکھتی ہے اور ہرسطح پر اس معاملے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں، افرادی قوت کی ترقی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لئے مختص بجٹ میں غیرمعمولی اضافہ کے ساتھ ساتھ استعداد کار کو بڑھانے کے لئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں اضافہ اور سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس کے نتیجے میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کی تعداد میں یونیورسٹی اور کالج کی سطح پرنمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

آلودہ پانی سے متاثر ہونے والی خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لئے ایک خصوصی مہم گذشتہ دوسال سے شروع کی گئی ہے جس سے پانی کے اثرات سے زچہ وبچہ کی شرح اموات میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے مسائل میں محنت کاروں کی کمی خاص طور پر زراعت اور معدنی کانوں میں محنت کشوں کی قلت کو اہم مسئلے کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت ہم خدمات سمیت تقریباً ہر شعبے میں افرادی قوت برآمد کرنے پر مجبور ہیں جو آبادی کے بڑے حصے میں خدشات اور تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کانفرنس کی سفارشات آبادی کے مسائل کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025ء میں حکومت نے پہلے ہی نوجوانوں کی ترقی، غربت کے خاتمے، صحت کے شعبے میں بہتری پر فعال حکمت عملی کا اعلان کررکھا ہے جو بہبود آبادی کے مسائل کر حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان، پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی صدر بیگم شہناز وزیرعلی کے علاوہ آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر فاروق بازئی اور دیگر شخصیات میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :