کراچی ،بغیر اجازت ریلی نکالنے و جلسہ کرنے پر ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت 2 ہزار افراد کیخلاف مقدمہ درج

جمعہ 27 نومبر 2015 12:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) کراچی میں اجازت کے بغیر ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے پر ایم کیو ایم رہنماؤ ں سمیت 2 ہزار افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایم کیو ایم کے رہنماوں سمیت 2ہزار پر مقدمہ تھانہ سولجر بازار میں جو سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں سڑک بند کرنے، ٹریفک روکنے اور لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے جن 10 رہنماوں کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے، ان میں فاروق ستار ،حیدر عباس رضوی ،وسیم اختر، نسرین جلیل، واسع جلیل، محمد حسین ،کمال پاشا، کنور نوید ، فیصل سبزواری اور خالد شامل ہیں۔مقدمے کی وجہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کی جانب سے نکالی گئی ریلی بنی ، جس کا مقصد پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج تھا ، ریلی کے شرکا رینجرز ہیڈ کوارٹر جانا چاہتے تھے ،لیکن نمائش پر پولیس نے انھیں روک لیا۔اس دوران ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، ریلی روکے جانے پر شرکا نے نمائش پر دھرنا دے دیا اور کچھ دیر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔