شام میں فوجی کارروائی کا امکان موجود ہے،سعودی وزیر خارجہ

جمعہ 27 نومبر 2015 12:56

ریاض ۔ 27 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شام میں عسکری کارروائی کا آپشن موجود ہے۔ سعودی عرب بشار الاسد کو ایوان اقتدار سے باہر نکالنے کی جدوجہد کرنے والے اپوزیشن جنگجووٴں کی حمایت جاری رکھے گا۔سعودی عرب کے دورے پر آئے اپنے آسٹرین ہم منصب سباسٹین کورٹز کے ہمراہ ریاض میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ ان کا ملک شام کے مختلف اپوزیشن گروپوں سے رابطے میں ہے تاکہ ویانا کے امن مذاکرات سے پہلے وہ سعودی عرب میں اپنا اجلاس منعقد کر کے کسی متفقہ موقف پر پہنچ سکیں۔

ڈاکٹر الجبیر نے بتایا کہ فوجی کارروائی کا امکان بدستور موجود ہے اور شامی اپوزیشن کی حمایت اب بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

اگر شامی اپوزیشن گروپوں کی سعودی عرب میں کانفرنس منعقد ہوئی تو اس کا مقصد شامی اپوزیشن کو متحد کرنا اور انہیں ایک موقف پر جمع کرنا ہو گا تاکہ کسی پرامن حل تک پہنچ کر بشار الاسد کا اقتدار ختم کیا جا سکے۔شامی بحران کے حل کی خاطر ویانا میں بین الاقوامی مذاکرات کا ایک لاحاصل دور ہو چکا ہے جس میں سعودی عرب، ایران، ترکی اور یو این کے پانچ مستقل ارکان بشمول امریکا، برطانیہ، فرانس، روس اور چین نے ایک منصوبہ پیش کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت شامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جنوری کے اوائل میں باقاعدہ مذاکرات کا انعقاد بھی شامل تھا۔