مصر میں شادی شدہ مردوں میں سے نصف اپنی بیگمات کے ہاتھوں پٹتے ہیں،رپورٹ

جمعہ 27 نومبر 2015 12:58

قاہرہ۔ 27 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) مصری خواتین نے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے کے تصور کو غلط ثابت کردیا ہے جس کا اظہار مصر کے سرکاری ادارے الاقصر ڈائیلاگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی جانب سے جاری رپورٹ میں کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک میں شادی شدہ مردوں میں سے نصف اپنی بیگمات کے ہاتھوں پٹتے ہیں ۔الاقصر شہر میں قائم خواتین کی قومی کونسل کی ایک تقریب کے دوران پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصر میں بیویوں کے ہاتھوں اپنے شوہروں پر تشدد کے واقعات 50.6 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔

ناخواندہ اور کم پڑھی لکھی بیویاں اپنے شوہروں کی زیادہ پٹائی کرتی ہیں۔ یوں 87 فیصد ان پڑھ یا معمولی تعلیم یافتہ خواتین کے ہاتھوں شوہروں پر تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیگمات کی جانب سے تشدد کے 5.63 فیصد واقعات میں تیز دھار آلات کا استعمال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق شوہروں پر تشدد کرنے والی ایک تہائی بیویاں اپنے کیے پر نادم نہیں ہوتیں بلکہ اس پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتی ہیں۔

ادھر مصر کے قومی ادارہ شماریات کی جانب سے صنفی امتیاز کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہر چار میں سے ایک خاتون، مردوں کے ہاتھوں جسمانی تشدد کا نشانہ بن رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 30 فیصد خواتین نے اپنے شوہروں کے خلاف جسمانی اور نفسیاتی تشدد کی شکایات درج کرائیں۔ جسمانی تشدد کے علاوہ خواتین پر شوہروں کے ہاتھوں تشدد کے مظاہروں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :