فرانس : فٹبال کے تمام میچوں میں دوسرے شہروں سے آنے والے شائقین پر پابندی

جمعہ 27 نومبر 2015 13:07

فرانس : فٹبال کے تمام میچوں میں دوسرے شہروں سے آنے والے شائقین پر پابندی

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) فرانس کی وزارتِ داخلہ نے پیرس حملوں کے بعد ملک میں کھیلے جانے والے فٹبال کے تمام میچوں میں دوسرے شہروں سے آنے والے شائقین کی شرکت پر دسمبر کے وسط تک پابندی عائد کر دی ہے۔فرانس کی وزارتِ داخلہ نے دوسرے شہروں سے آنے والے فٹبال شائقین کے داخلے کی پابندی پر توسیع ملک میں جاری ہنگامی صورتِ حال، موسمی تبدیلیوں کے بارے میں ہونے والے اجلاس اور ’ پولیس فورسز کی کمی‘ کے باعث کی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 30 نومبر سے 11 دسمبر تک اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام موسمی تبدیلیوں سے متعلق اجلاس منعقد ہو گا۔دوسری جانب فرانس کی فٹبال لیگ ایل ایف پی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق رواں ہفتے لیگ ون اور لیگ ٹو کے 16 ویں راوٴنڈ کے مقابلوں کے دوران دوسرے شہروں سے آنے والے فٹبال شائقین کو یہ میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔بیان کے مطابق فرانس میں دس دسمبر کو یورپا لیگ کے گروپ سٹیج میچوں کے فائنل راوٴنڈ مقابلوں کے لیے بھی اس قسم کا حکم جاری کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :