پروفیسر مولانا شہاب الدین المدنی مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ مولانا محمد صدیق بالاکوٹی

جمعہ 27 نومبر 2015 13:13

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث آزاد کشمیر کے قائم مقام امیر مولانا محمد صدیق بالاکوٹی نے پروفیسر مولانا شہاب الدین المدنی مرحوم کی دینی، سیاسی، جہادی،سماجی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور اعلائے کلمة اللہ کے لئے تمام محاذوں پر مرحوم کا مشن جاری و ساری رہے گا۔

جمعیت اہلحدیث کے قائم مقام امیر نے یہاں تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان، نائب امیر عبد الشکور آزاد سمیت دیگر وفود سے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ مولانا محمد یونس اثری اور پروفیسر شہاب الدین مدنی کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات بیش بہا ہیں۔ انھوں نے اپنی ساری عمر حق اور سچ کی سر بلندی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تڑپ میں گزار دی۔

(جاری ہے)

اس کے لئے انھوں نے مجاہدین کی کھل کرسرپرستی کی۔ کشمیر کی آزادی ان کا خواب تھا۔ جس کے لئے وہ ہمیشہ سرگرم رہے اور عملی جدوجہد میں بھرپور حصہ بھی لیا اور سیاسی اور جہادی محازوں پر قیادت کے فرائض بھی انجام دیئے۔مولانا محمد صدیق بالا کوٹی نے کہا کہ مرحوم کے ادھورے مشن کو انشاء اللہ پورا کیا جائے گا۔ جماعت کو قرآن و سنت کی روشنی میں مزید مضبوط کرنا بھی مرحومین کا خواب تھا۔

انھوں نے کہا کہ جماعت مخلص ترین افراد کا گلدستہ ہے۔ یہ ہم سب کے پاس امانت ہے۔ہماری ذمہداری ہے کہ ہم اس کو مزید مضبوط کرنے کے لئے تمام توانائیاں صرف کر دیں۔ہم تمام احباب اور آزاد و مقبوضہ خطے کے عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنھوں نے دکھ اور صدمے کی اس گھڑی میں ہمیں حوصلہ دیا اور ہماری ہمت بندھائی۔اشاعت دین کے لئے مولانامحمد یونس اثری اور پروفیسر شہاب الدین مدنی کی قربانیاں انشا ء اللہ ضرور رنگ لائیں گی اور ہم سب کی مخلصانہ جدو جہد سے اللہ کی اس سرزمین پر توحید اور اعلائے کلمة اللہ کا بول بالا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :