ہماری حکومت نے آزادکشمیر کو فلاحی ریاست میں بدلنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا ہے‘چوہدری عبدالمجید

جمعہ 27 نومبر 2015 13:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ وزراء کو پابند کریں گے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں سے باہر نکلیں اور اپنے قبیلوں ،برادریوں کو چھوڑ کرکارکنوں کی طرف بھی توجہ دیں۔ہماری حکومت نے آزادکشمیر کو فلاحی ریاست میں بدلنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا ہے تعلیم و صحت کی سہولیات اور ذرائع رسل ورسائل میں بھرپور انداز میں کام ہوا ہے جس کی مثال میڈیکل کالجز، پانچ یونیورسٹیاں اور ہزاروں کلومیٹر سڑکات واضح ثبوت ہیں ۔

آزادکشمیر میں تنقید برائے تنقید ایک روایت بن چکی ہے سکندر حیات کو پہلے بھی اپنے حلقہ میں شکست ہوئی اور آئندہ بھی شکست ہوگی اسی لیے چیخ وپکار ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد وہ شخص ہے کہ کے ایچ خورشیدمرحوم کی ابھی قبر بھی خشک نہیں ہوئی تھی تو اس نے اپنا سیاسی قبلہ تبدیل کرلیا ایسے لوگوں کی تنقید کی پرواہ نہ کی جائے ان خیالات کااظہار انہوں نے کمیٹی روم میں پی ایس ایف اورپی وائی او کے عہدیداران وکارکنان کے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود جس نے قرآن پر حلف دیا کہ وہ ووٹ دے گا لیکن اس نے قرآن اٹھانے کے باوجود کشمیر کونسل کے انتخابات میں بے نظیر بھٹو کے امیدوار کے بجائے مخالف امیدوار کو ووٹ دیا اور پھر یہ خبر کتنی تکلیف دہ تھی کہ بے نظیر ہار گئیں اور بیرسٹر سلطان جیت گیا۔بیرسٹر سلطان کو پیپلزپارٹی کی وجہ سے پارٹی صدارت ،وزارت عظمیٰ اور لیڈر آف دی اپوزیشن کے عہدے ملے لیکن اس احسان فراموش نے پھر بھی پارٹی سے غداری اور بے وفائی کی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے رواداری کی سیاست کی۔ نظام کو بدلنے کی بھرپور کوشش کی زلزلہ کے بعد آزادکشمیر میں تمام کام کاج بند پڑھے تھے لیکن آج مظفرآباد ،باغ اور راولاکوٹ ترقی یافتہ شہروں میں بدل چکے ہیں یہ ترقیاتی عمل مخالفین کو ہضم نہیں ہورہا میں بھی ایک کارکن سے وزارت عظمیٰ کے عہدے تک پہنچا ہوں میں کسی بڑے سیاسی خانوادے سے تعلق نہیں رکھتا تھا نہ کوئی میری سفارش تھی اور نہ ہی میں نے کسی سے سفارش کروائی صرف پیپلزپارٹی اور بھٹو خاندان سے وابستگی ہی میری سفارش تھی ۔

کارکنان صبر وتحمل،اتحاد اوتفاق سے آگے بڑھیں آئندہ بھی پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی جس طرح لوگ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکررہے ہیں وہ اس بات کا مبین ثبوت ہے کہ آزادکشمیر کے عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کااظہار کرتے ہیں-