پاکستان بیت المال کے ذریعے لڑکیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں گے‘ خواتین کے منصوبوں میں شراکت داری کے لئے غیر سرمایہ کاری تنظیموں کو دعوت دی ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کا تقریب سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 14:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال سنٹرز کے ذریعے لڑکیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں گے‘ خواتین کے منصوبوں میں شراکت داری کے لئے غیر سرمایہ کاری تنظیموں کو دعوت دی ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وہ جمعہ کو پاکستان بیت المال اور یونیورسل سروس فنڈ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈاربھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت یونیورسل فنڈ اور مائیکرو سافٹ بیت المال کے پچاس سنٹروں میں آئی ٹی لیب قائم کریں گے۔ سمجھوتے کے تحت بیت المال سنٹروں میں لڑکیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمن نے کہاکہ سمجھوتے کا مقصد خواتین میں آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان بیت المال سنٹرز کے ذریعے لڑکیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں گے۔ یہ سمجھوتہ خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم سے خواتین کو ملازمت کے بھی مواقع ملیں گے۔ خواتین کے منصوبوں میں شراکت داری کے لئے غیر سرمایہ کاری تنظیموں کو دعوت دی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف ملک میں خواتین کو بااختیار اور تعلیم یافتہ بنانے کے لئے سنجیدہ اقدام کررہے ہیں معاہدے کے تحت مائیکرو سافٹ کے ماہرین خواتین کو آئی ٹی کی تربیت دیں گے۔ بیت المال کے زیر اہتمام مائیکرو سافٹ کے انجینئر بچیوں کو کمپیوٹر کی تربیت دیں گے۔