تیونس، صدارتی محافظوں کی بس پر خودکش حملہ کرنے والے خودکش بمبار کی شناخت، 30 مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 27 نومبر 2015 14:48

تیونسیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء ) تیونس میں صدارتی محافظوں کی بس پر خودکش حملہ کرنے والے بمبار کی شناخت کرلی گئی جبکہ سیکورٹی اداروں نے انتہا پسندی سے تعلق کے الزام میں 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیونس کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں صدارتی محافظوں کی بس پر خودکش حملہ کرنے والے بمبار کو شناخت کرلیا گیا ہے جبکہ انتہا پسندی سے تعلق کے الزام میں30 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تیونس کی وزارت داخلہ نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ خودکش بمبار کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی ہے۔اس کا نام حسان بن ہدی بن ملد عبدالعلی ہے۔اس کی عمر27سال تھی اور وہ دارالحکومت تیونس ہی میں رہتا تھا۔وہ مزدور طبقے سے تعلق رکھتا تھا اور ریڑھی لگاتا تھا۔

(جاری ہے)

عراق اور شام میں برسر پیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے تیونس کے وسط میں گذشتہ منگل کو صدارتی محل کے محافظوں کی بس میں اس خودکش بم دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

اس بم دھماکے میں 12 صدارتی محافظ اور حملہ آور ہلاک ہوگیا تھا۔وزارت داخلہ نے ایک اور بیان میں اطلاع دی ہے کہ حکام نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 526 چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں اور ان میں انتہا پسند گروپوں سے تعلق کے رکھنے کے الزام میں 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ان سے بھاری تعداد میں ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا ان مشتبہ افراد کا خودکش حملے سے بھی کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

متعلقہ عنوان :