وزیراعلیٰ پنجاب سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر کی ملاقات، پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور انٹرنیشنل میچوں کی بحالی پر بات چیت

جمعہ 27 نومبر 2015 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں ہاکی کے کھیل کے فروغ اور انٹرنیشنل ہاکی میچوں کی بحالی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وفد میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلے فیئرویدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشین ہاکی فیڈریشن طیب اکرام شامل تھے۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہو داحمد، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئیر(ر) خالد سجاد کھوکھراور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور پاکستانی ہاکی ٹیم کو کئی دہائیوں تک ہاکی کے میدان میں عروج حاصل رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہاکی میں اپنا کھویا ہوا عالمی مقام حاصل کرنے کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے اور کھیل کے نئے ٹرینڈز پر بھرپور توجہ دینا ہے تاکہ پاکستانی ہاکی ٹیم ایک بار پھر بام عروج حاصل کرسکے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے ہاکی کے کھیل کیلئے نئی آسٹروٹرف گراؤنڈز بنائی ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی ہاکی کے کھیل کیلئے میدان بنائے گئے ہیں۔

ہاکی کے فروغ کیلئے نچلی سطح پر اس کھیل کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندانہ رجحانات کے خاتمے میں کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صوبے میں نہ صرف نئے گراؤنڈز بنائے گئے ہیں بلکہ کھیلو ں کی سہولتوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں اور پاک افواج نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس سے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہت بہتر ی آئی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیموں کو لانے کیلئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے بھی کچھ عرصہ قبل لاہور میں آ کر انٹرنیشنل میچ کھیلے اور مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہاکی کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آ کر میچ کھیلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے مل کر پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے کام کرنا ہے اور اس ضمن میں تیز رفتاری سے اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ پاکستان میں نہ صرف انٹرنیشنل ہاکی بحال ہو سکے بلکہ عوام کو عالمی ہاکی ٹیموں کو دیکھنے کا موقع بھی ملے اورپاکستان میں ہاکی کا کھیل دوبارہ مقبولیت حاصل کرے گا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کے کھیل کے فروغ میں پاکستان کا کردار اہم ہے، بلاشبہ ہاکی کے میدان میں پاکستانی ٹیم صف اول میں شمار ہوتی تھی۔

ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دوبارہ عالمی ہاکی میں اپنا مقام حاصل کرے، اس ضمن میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور حالات انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے سازگار ہو ئے ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دیگر ممالک کی ٹیموں کو پاکستان میں ہاکی کھیلنے پر آمادہ کیا جائے اور اس ضمن میں میں اپنا کردار ادا کروں گا۔