قبائل پاکستان کے محب وطن شہری ،دفاع پاکستان کی ناقابل تسخیردیوارہیں،سردارمہتاب احمدخان

جمعہ 27 نومبر 2015 16:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ قبائل پاکستان کے محب وطن شہری اور دفاع پاکستان کی ناقابل تسخیردیوارہیں۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان کے قبائل کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے وانا میونسپل کمیٹی کے قیام کا اعلان کیااور کہاکہ اس سے وانا کی تعمیروترقی کی راہ ہموارہوگی۔

گورنرنے ایجنسی ہیڈکوارٹر وانا میں فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام آبپاشی کے پانچ بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھاجن میں چا ؤتنگی سمال ڈیم، شکئی سمال ڈیم، شین ورسک کینال سسٹم اور سمال ایریگیشن سسٹم زیڑہ لیٹہ کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے رواں سال قبائلی علاقوں میں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پرچلانے کیلئے 2 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی اور جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خلہ میں 30 کروڑروپے کے ترقیاتی منصوبوں کے پیکج کا بھی اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ فاٹا میں 1 ارب روپے کی لاگت سے آبپاشی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔گورنرنے کہاکہ آبپاشی کے منصوبوں، سمال ڈیمز سیجنوبی وزیرستان ایجنسی میں مزید ساڑھے9 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔گورنرنے کہاکہ پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی نے نہ صرف قبائلی علاقہ بلکہ پورے پاکستان میں امن وسکون کو بحال کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں دہشت گردوں اورپاکستان کے دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے قبائل نے افواج پاکستان اورسیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ جوقربانیاں دی ہیں اس پر پوری قوم کو فخرہے۔

وہ جمعہ کے روز جنوبی وزیرستان ایجنسی کے دو روزہ دورے کے دوسرے دن ایجنسی کے صدرمقام وانا میں احمدزئی وزیر، دوتانی اور سلیمان خیل قبائل کے عمائدین اورمشران کے نمائندہ جرگے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجرجنرل اظہرصالح عباسی، ایم این اے غالب خان وزیر،ایم این اے مولانا جمال الدین ، سینیٹر صالح شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمداسلم کمبوہ،کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ذاکر حسین، چیف ایگزیکٹیو فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی فدا وزیر، فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام ، پولیٹکل ایجنٹ ظفرالاسلام ودیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

جرگہ میں سرکردہ قبائلی مشران نے گورنرکو رائفل ، پگڑی، خنجراورجائے نماز کے روایتی تحفے بھی پیش کئے۔ اس موقع پر قبائلی زعماء ملک محمداجمل خان کاکاخیل وزیرنے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے گورنر کو علاقے کے عوام کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ گورنرنے ان کے گزارشات کو غور سے سنااور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ملک محمداجمل خان نے احمدزئی وزیر،

دوتانی اور سلیمان خیل قبائل کی جانب سے علاقے میں امن وامان کی بحالی اور تعمیر وترقی کیلئے گورنرکے اقدامات کو سراہا اور ان کا شکریہ اداکیا۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاکہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں دہشت گردوں اور پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے افواج پاکستان اورسیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ قبائلی عوام نے جوقربانیاں دی ہیں اس پر پوری قوم کو فخر ہے اورقوم اسے قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ گورنرنے اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے قبائل کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے وانا میونسپل کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا اور کہاکہ اس سے وانا کی تعمیروترقی کی راہ ہموارہوگی۔

انہوں جنوبی وزیرستان ایجنسی میں پاسپورٹ آفس کے قیام کابھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے قبائل کو بھی مستفید کرایاجائیگا۔ افغانستان سے تجارت کیلئے انگور اڈہ پر کسٹم پوسٹ کے قیام کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کیاجائیگا۔ گورنرنے جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خلہ میں 30 کروڑروپے کے ترقیاتی منصوبوں کے پیکج کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہاکہ رواں سال پورے قبائلی علاقوں میں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر چلانے کیلئے 2 ارب روپے کے منصوبے منظور کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی وزیرستان میں مزید ساڑھے9 ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کیلئے آبپاشی کے منصوبے بھی بنائے گئے ہیں اور اس کے ساتھ 132 کے وی اے گرڈاسٹیشن سے جلد بجلی کی ترسیل کا آغاز کردیاجائیگااورعلاقے سے متصلہ17 دیہات کو بجلی کی ترسیل کاکام بھی چندماہ میں شروع ہوجائیگا ۔

وانا تاشولام بائی پاس روڈ کی تعمیربھی جلد عمل میں لائی جائیگی۔ گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اورانہیں باعزت روزگاردینے کیلئے مختلف شعبوں میں ہنرکی تربیت دینے کے پروگرام کے تحت جنوبی وزیرستان کے 5 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے جبکہ مزید نوجوانوں کو بھی تربیت دی جارہی ہے جس سے نہ صرف ان کو بہترروزگار ملے گا بلکہ ان کی معاشی حالت میں بھی بہتری آئیگی۔

گورنرنے جنوبی وزیرستان میں زیتون سے تیل نکالنے کیلئے وانا میں ایک کارخانے کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ دریں اثناء گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے صدرمقام وانا کے دورہ کے موقع پر فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام آبپاشی کے پانچ بڑے منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا۔ ان میں چاؤتنگی سمال ڈیم، شکئی سمال ڈیم، شین ورسک کینال سسٹم اور سمال ایریگیشن سسٹم زیڑہ لیٹہ کے منصوبے شامل ہیں۔

اس موقع پر فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی( ایف ڈی اے) کے چیف ایگزیکٹیو فدا وزیرنے گورنرکو بتایا کہ اس وقت فاٹا میں 1 ارب روپے کی لاگت سے آبپاشی کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور جنوبی وزیرستان کے یہ منصوبے بھی اسی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے 30 ہزار سے زائد گھرانے مستفیدہوں گے اور ان علاقوں میں وسیع بنجر اراضی سیراب ہوسکے گی۔

قبل ازیں گورنرنے ایجنسی ہیڈکوارٹر وانا ہسپتال میں نئے تعمیرشدہ بلاک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ان علاقوں کی تعمیروترقی سمیت خاص طور پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ دورے کے دوران گورنرنے ایجنسی میں سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا۔اس کے علاوہ گورنرنے سروکئی کے دورے کے موقع پر دور آفتادہ علاقے اولڈ سروکئی میں اپنی جیب سے مسجد کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :