خیبرپختونخوا حکومت مالاکنڈ سمیت پورے صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے پر عزم ہے،محمودخان

جمعہ 27 نومبر 2015 16:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت مالاکنڈ سمیت پورے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے پر عزم ہے اور اس ضمن میں خیبر پختونخوا کی پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کے ساتھ اس کی جدید خطوط پر تربیت کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع لنڈاکی ضلع سوات میں یواین ڈی پی کے تعاون سے قائم ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری کے افتتا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرسوئزرلینڈاور ہالینڈکے سفراء، یڈیشنل آئی جی پولیس خیبر پختونخوا میاں محمد آصف،ڈی پی او سوات اور یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایف ایس آئی ڈائریکٹر محمد قریش خان نے بتایا کہ ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری میں جدید سائنسی خطوط پر دستاویزات ، مشکوک گاڑیوں، فنگر پرنٹس اور تصاویر کے بارے میں تفتیش کے ساتھ بہترجانچ پڑتا ل کی جا سکے گی جو کہ قانون کی بالادستی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہاکہ صوبائی حکومت معاشرے سے ظلم و ناانصافیوں کے خاتمے اور برائیوں کے تدارک کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو فعال اور مضبوط بنانے سمیت بہتر مراعات فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے یواین ڈی پی اور دیگر ڈونر ممالک سے کہاکہ وہ صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر محمود خان نے سفیروں کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کرکے ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :