خصوصی بچوں کا عالمی دن یکم دسمبر کو علی انسٹی ٹیوٹ آڈیٹوریم فیروزپور روڈ پر منایا جائے گا‘ترجمان محکمہ سپیشل ایجوکیشن

جمعہ 27 نومبر 2015 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء )ترجمان محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب انکلیثو ایجوکیشن پراجیکٹ کے زیراہتمام عالمی دن برائے خصوصی افراد منایا جائے گا۔ خصوصی بچوں کا عالمی دن اقوام متحدہ کے اس سال کے مرکزی خیال ”تمام صلااحیتوں کے حامل افراد کی تمام وسائل اور صلاحیتوں تک رسائی اور خودانحصاری کو یقینی بنانا“ کے مطابق منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ خصوصی بچوں کا عالمی دن 3دسمبر ہے لیکن لاہور میں مقامی تعطیل ہونے کے باعث محکمہ خصوصی تعلیم اور پنجاب انکلیثو ایجوکیشن پراجیکٹ کے زیراہتمام عالمی دن برائے خصوصی افراد یکم دسمبر کو علی انسٹی ٹیوٹ آڈیٹوریم فیروزپور روڈ لاہور میں منایاجائے گا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن آصف سعید منہیس، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن عنبرین رضا، ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن محمد فاضل چیمہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد شاہد سلیم ہوں گے۔

پنجاب انکلیثو ایجوکیشن پراجیکٹ اور خصوصی بچوں کی بحالی اور فلاح پر کام کرنے والی مختلف تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پنجاب بھر کے اداروں کے خصوصی طلباء و طالبات رنگارنگ پروگرام پیش کریں گے۔