بلدیاتی الیکشن:بڑے منصوبوں کیلئے بنایا گیا بورڈ تحلیل ہونے کا امکان

بورڈ ممبران اور چیف کمشنر اسلام آباد تذبذب کا شکار

جمعہ 27 نومبر 2015 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن کے بعد اختیارات کی منتقلی کے باعث سی ڈی اے کا بڑے منصوبوں کیلئے بنایا گیا بورڈ تحلیل ہونے کا امکان ہے ،بورڈ ممبران اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی تذبذب کا شکار ہیں،ذرائع نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات مکمل ہونے پر اختیارات منتخب میئر کو منتقل ہونے کے بعد سی ڈی اے بورڈ بھی تحلیل کئے ج انے کا امکان ہے کیونکہ سی ڈی اے بورڈ بڑے منصوبوں کی منظوری کے لئے قائم کیا گیا ہے اس لئے جب تمام بڑے منصوبوں کی منظوری میئر اور ان کا ایوان دے گا تو پھر سی ڈی اے بورڈ کی افادیت ختم ہو جائے گی ،ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ ممبران اور چیف کمشنر اسلام آباد تذبذب کا شکار نظر آتے ہیں ،گزشتہ ماہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کابینہ ڈویژن میں اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مذکورہ دونوں شعبوں کے افسران کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ نئے سیٹ اپ کے قانون کی روشنی میں قواعد و ضوابط مرتب کر کے رپورٹ دیں مگر ابھی تک انہوں نے رپورٹ جمع نہیں کروائی اور نہ ہی نئے میئر کے دفترکا حتمی انتخاب کیا ہے،ضلعی انتظامیہ نے نئے سیٹ اپ کی ماتحتی میں جانے والے شعبوں کو ابھی تک فائنل نہیں کیا تاہم سی ڈی اے نے مذکورہ بالا شعبے نئے سیٹ اپ کی ماتحتی میں دینے کی سفارشات تیار کر لی ہیں لیکن اس کی حتمی سمری کابینہ ڈویژن کو نہیں بھیجی