غیر ملکی سرمایہ کاروں کا حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے،چوہدری محمد اشرف دیونہ

جمعہ 27 نومبر 2015 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے- معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور ادھورا ہے- مضبوط معیشت سے قومیں مضبوط ہوتی ہیں- وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری، معاشی ، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی بار آور ثابت ہو رہی ہے ملک سے غربت ، جہالت،بے روزگاری ،کرپشن کے خاتمے اوروسائل میں اضافے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس کے بغیر ترقی کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ۔قائدواقبالکے تصورات کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے اورقیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والوں کے سنہرے خوابوں کو تعبیر دینے کیلئے ایک ہوکر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں قیام امن کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔امن قائم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

پسماندہ علاقوں میں دانش سکول اس لئے قائم کئے کہ غریب طالب علم تعلیم حاصل کرکے معاشرہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔ان علاقوں کے طالب علم کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔حکومت ہر حال میں معاشرہ سے افراتفری اور شدت پسندی ختم کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔قیام امن کے لئے حکومت ہر سطح پر کوشش کررہی ہے ۔عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ دار ی ہے ۔