وزیر اعظم نواز شریف کی دولت مشترکہ سربراہان کے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت ٗ پرتپاک خیر مقدم کیا گیا

نواز شریف نے سربراہان حکومت کے ہمراہ ملکہ کیساتھ تصویر بنوائی ٗاستقبالیہ میں بھی شریک ہوئے

جمعہ 27 نومبر 2015 17:49

ویلیٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعہ کو مالٹا کے دارالحکومت میں دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 24 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں 53 ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی اور دولت مشترکہ سیکریٹری جنرل کے استقبالیہ میں شریک ہوئے۔ مالٹا کے وزیراعظم جوزف مسقط اور ان کی اہلیہ مشل مسقط نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کا میڈیٹرینین کانفرنس سینٹر آمد پر خیرمقدم کیا ٗ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دولت مشترکہ کی سربراہ کی حیثیت سے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے ہر دو سال بعد ہونے والے دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کا آغاز کیا جس کا موضوع ’’عالمی اقدار کا فروغ‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے دیگر سربراہان حکومت کے ہمراہ ملکہ کے ساتھ تصویر بنوائی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے مہمان شخصیات کے اعزاز میں دولت مشترکہ سیکریٹری جنرل کملیش شرما کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

بیگم کلثوم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بل، فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اور کینیڈین وزیراعظم جسٹین ٹروڈو بھی ظہرانے میں شریک رہنماؤں میں شامل تھے۔ ملکہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا، پرنس آف ویلز اور ڈچز آف کارن وال سمیت برطانوی شاہی خاندان کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :