اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے،پاکستان اسلام ،کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا،سراج الحق

منبر ومحراب کے ذریعے علماء کرام کو اقامت دین،بدی کے خاتمے ،نیکی کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا،امیر جماعت اسلامی

جمعہ 27 نومبر 2015 17:56

ہالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے،پاکستان اسلام ،کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا،لبرل پاکستان کا نعرہ عوام کا نہیں امریکہ کا ہے،نواز شریف سمیت جب بھی کوئی حکمران امریکہ کے دورے سے واپس آتا ہے تو پھر اسے یہی سبق پڑھایاجاتا ہے۔

علم روشنی ہے اور جہالت اندھیرا ہے،جس علم میں معرفت الاہی مل جائے وہ ہی حقیقی علم ہے۔ منبر ومحراب کے ذریعے علماء کرام کو اقامت دین،بدی کے خاتمے اور نیکی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ العلوم الاسلامیہ منصورہ ہالا میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں طلباء ،اساتذہ سمیت عوام الناس بڑی تعداد میں شریک تھے۔

اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسداﷲ بھٹو، راشد نسیم، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ ودیگر مقامی،صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ جبکہ ضلعی امیر حافظ لطف اﷲ بھٹو اور سیکریٹری ادارہ عبدالوحید قریشی نے خطباء استقبالیہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جس علم کے نتیجے میں بندے کا اﷲ سے تعلق نہیں بڑھتا وہ جہالت ہے،علم وہی ہے جو دنیا وآخرت میں بندے کی کامیابی اور نجات کا ذریعہ بنے۔

اسلامی پاکستان ہمارا نظریہ اور خوشحال پاکستان ہمارا نعرہ ہے، کارکنان آئندہ انتخابات کی تیاریاں اور اسلامی پاکستان وخوشحال پاکستان سلوگن کو اپنی انتخابی مہم کا مرکز ومحور بنائیں تاکہ بانی پاکستان قائد اعظمؒ کا اسلامی ،جمہوری اور فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی اقتدار ملاتو ہم انشااﷲ تعلیم مفت اور ایک نصاب تعلیم بنائیں گے،جس میں ایک عام آدمی سے لیکر صدر پاکستان کا بچہ بھی یکساں تعلیم حاصل کرے گا۔ دریں اثناء انہوں نے جامعہ منصورہ کے صدر مدرس شیخ الحدیث آگا محمد مینگل کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی عیادت اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :