Live Updates

این اے122 میں دھاندلی ہوئی، ہمارے تحفظات برقرارہیں‘سچائی کاسر کچلنا اورتبدیلی کے سونامی کاراستہ روکناحکمرانوں کے بس کی بات نہیں،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ء حامدسرور کا بیان

جمعہ 27 نومبر 2015 18:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ء حامدسرور نے کہا کہ این اے122 میں دھاندلی ہوئی، ہمارے تحفظات برقرارہیں،قومی اسمبلی عنقریب دوبارہ سپیکر سے محروم ہوجائے گی، تحریک انصاف سچائی اورانصاف تک رسائی کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی،سچائی کاسر کچلنا اورتبدیلی کے سونامی کاراستہ روکناحکمرانوں کے بس کی بات نہیں،کپتان نے جھرلوسرکار کی تین کلیاں گرادی تھیں ،اس کے باوجود حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں،حکمرانوں کے انکار سے حقیقت نہیں بدلے گی ،اگرحکومت کے کیمپ سے کوئی گرم توے پربیٹھ کربھی کہتا ہے کہ دھاندلی نہیں ہوئی توعوام یہ بات تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں حامدسرورنے کہا کہ اگرحکومت کامینڈیٹ جعلی نہ ہوتاتوملک میں بیڈگورننس کادوردورہ نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

ہم پچھلے اڑھائی برسوں سے بیڈگورننس کی دہائی دے ر ہے ہیں،اب تولوگ عدالت عظمیٰ کی عمارت میں بھی بیڈگورننس کی بازگشت سن رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران یادرکھیں کبوترکی مانند آنکھیں موندنے اورپس وپیش کرنے سے صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی ۔

سندھ میں بدعنوانی کااحتساب خوش آئند ہے مگر پنجاب میں نیب حکام کس آسیب کے دباؤمیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگرسندھ کی طرح پنجاب میں بدعنوانوں کیخلاف کریک ڈاؤن نہ کیا گیا تو اس سے لوگ نیب پرانگلیاں اٹھائیں گے اورفیڈریشن کمزورہوگی ۔ہماری ریاست احتساب کے معاملے میں کسی امتیازکی متحمل نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانوں کاتعلق خواہ کسی بھی جماعت یاصوبہ سے ہواس سے قوم کی ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات