عدالت عظمیٰ کا بیڈگورننس پراظہاربرہمی حکومت کیلئے انتباہ ہے‘اشرف بھٹی

خالی اشتہارات سے جعلی حکومت کاتشخص بہترنہیں ہوگا ،عوام کو ریلیف دیاجائے

جمعہ 27 نومبر 2015 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء)پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا بیڈگورننس پراظہاربرہمی ہمارے موقف کی تائید اورحکومت کیلئے انتباہ ہے۔حکمرانوں کاجھوٹاپروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ،وہ سچائی پرحاوی نہیں ہوسکتے ۔ حکمران کانچ کے گھر میں بیٹھ کردوسرو ں کامیڈیا ٹرائل کر رہے ہیں۔

حکمرانوں کی زندگی کے کئی متنازعہ پہلوؤں پرلوگ سوال اٹھاتے ہیں مگرانہیں کوئی جواب نہیں ملتا۔حکمران بھائیوں نے بیڈگورننس اوربدعنوانی میں اپناسابقہ ریکارڈتوڑدیا ۔پیپلزپارٹی سمیت جمہوری سیاسی قوتوں نے بیڈگورننس بارے اپنے شدید تحفظات کااظہار کیا مگرحکمرانوں کی روش نہیں بدلی۔وہ نادرآبادمیں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ خالی اشتہارات سے جعلی حکومت کاتشخص بہترنہیں ہوگا ،عوام کا ریاستی نظام پراعتماد بحال کرنے انہیں ریلیف دیاجائے ۔

حکمران احتساب کے نام پرپیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونیوالی ریکارڈکرپشن کے باوجودنیب کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ حکمرانوں کے ہزارجھوٹ سے بھی حقیقت نہیں بدلے گی ،11مئی2013ء کے عام انتخابات کی طرح حالیہ بلدیاتی الیکشن میں بھی حکمران جماعت نے کامیابی کیلئے بڑے پیمانے پردھاندلی کاسہارا لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ میں نقب لگائی گئی ۔لاہورکاایساکوئی صوبائی یاقومی اسمبلی کا حلقہ نہیں جہاں سے حکمران جماعت دھونس دھاندلی کے بغیر جیتی ہو۔انہوں نے کہا کہ عوامی عدالت کاسامناکرنے کے دعویدار این اے125میں سٹے کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں مگرعنقریب انہیں ووٹوں کیلئے عوام کی دہلیز پرآناپڑے گا۔