نیشنل بُک فاؤنڈیشن اشاعت کتب کے حوالے سے تاریخ رقم کر رہا ہے،محمود شام

”امن انقلاب بذریعہ کتاب“ این بی ایف کی منزل ہے، ڈاکٹر انعام الحق جاوید

جمعہ 27 نومبر 2015 19:11

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن نوجوانوں، طلبہ اور عام شائقینِ کتب کی پسندکے موضوعات پر جس بھر پور اور منظم انداز میں کتب شائع کر کے ایک تاریخ رقم کررہا ہے۔ مرکزی بُک شاپ میں ہزاروں کتب کا متنوع ذخیرہٴ علم و حکمت ,قارئین کے لیے خصوصی کشش رکھتا ہے۔ یہ باتیں نامور مصنف و کالم نگار، صحافی اور کئی کتابوں کے مصنف محمود شام نے این بی ایف کے دورے کے موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید سے ملاقات کے دوران کیں۔

اس موقع پر سیکرٹری این بی ایف آفتاب سومرو اور ڈپٹی ڈائریکٹر افشاں ساجد بھی موجود تھیں۔ ایم ڈی نے جناب محمود شام کو ادارے کے مقاصد، مجموعی کارکردگی، اور فروغِ کتب بینی کے سلسلے میں جاری بہت سے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این بی ایف کے ملک بھر میں موجود 25آؤٹ لیٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا گیا ہے اور کتب کی فروخت کے لیے سائیٹفک میکنزم کا اجراء کر کے رفتارِ فروخت میں اضافے کو ممکن بنایا گیا ہے ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ”امن انقلاب بذریعہ کتاب“ این بی ایف کی منزل ہے۔

معزز مہمان نے ترجمہ نگاری، اسلامی علوم کی کتب، کتابوں کی سیل، مارکیٹنگ اور اشاعتی منصوبوں کے حوالے سے مثبت تجاویز دیں جن کا ایم ڈی نے خیر مقدم کیا۔ جناب محمود شام نے این بی ایف کی بُک شاپ، نیشنل بُک میوزیم، ریڈرز کلب، بُک پارک سمیت سنگل سٹون بُک، وال کلاک، ٹیکسٹ بکس اور دیگر تمام شعبوں کا دورہ کیا اور وزیٹربُک میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے لکھا کہ این بی ایف میں کتابوں کا ایک حیرت کدہ آباد ہے جہاں کتب بینی کے فروغ کے لیے قابلِ قدر کام ہو رہا ہے۔