بلدیاتی انتخابات ، امن و امان اور صاف شفاف انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیف الیکشن کمشنر

جمعہ 27 نومبر 2015 19:19

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں امن و امان اور انتخابات کے صاف شفاف انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وہ جمعہ کو یہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 30 نومبر اور سندھ اور پنجاب میں تیسرے مرحلے میں 5 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلام آباد اور صوبوں سے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پہلے دو مراحل کی طرح تیسرے مرحلے میں بھی پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائے گا۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور رینجرز تعینات ہوں گے۔ پنجاب میں پاک فوج کی 40 کمپنیاں جبکہ رینجرز کی آٹھ کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ امن و امان پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔