اسرائیل نے یو اے ای میں باقاعدہ سفارتی سطح کا مشن تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کرلی

جمعہ 27 نومبر 2015 20:12

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں باقاعدہ سفارتی سطح کا مشن تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کیمطابق اسرائیلی سفارت کاروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں یہ پہلا باقاعدہ سفارتی دفتر ہو گا جو ابو ظہبی میں انٹرنیشنل رینیوبل ایجنسی میں قائم ہوگا۔

یہ دفتر مکمل سفارتی مشن نہیں ہو گا بلکہ اس میں متبادل توانائی کے حوالے سے ایک سفارت کار کا تعین ہو گا۔خیال رہے کہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی سفارت کار مستقل یو اے ای میں تعینات ہو گا۔اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان ایمانول ناہشون نے سفارت کار کی تعیناتی کے حوالے سے تصدیق کردی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسرائیل کے عرب ریاستوں کے ساتھ رسمی طور پر سفارتی تعلقات نہیں ہیں، اسرائیل کے رسمی سفارتی تعلقات 2 پڑوسی عرب ممالک مصر اور اردن سے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران کا امریکا اور دیگر مغربی طاقتوں سے جوہری پروگرام پر معاہدہ ہوا ہے، جس کے بعد عرب ریاستوں اور اسرائیل میں قربت بڑھ رہی ہے کیونکہ اسرائیل اور عرب ممالک اس معاہدے کے خلاف رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی وجہ فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کو قرار دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :