سکھ اور مسلمان دو توحید پرست قومیں ہی اس دھرتی کے ماتھے کا اصل جھومر ہیں‘ گورنر پنجاب

بابا گورونانک کا ہمارے بزرگان دین کیساتھ پیار محبت کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہو گا‘ ملک رفیق رجوانہ کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سکھ قوم جتنا پیا ر پاکستان اور پاکستانیوں سے کرتی ہے اتنا کسی اور ملک یا لوگوں سے نہیں کرتی ،پاکستانی مسلمان بھی سکھ قوم سے خوب میل جو ل رکھتے ہیں ، سکھ اور مسلمان دو توحید پرست قومیں ہی اس دھرتی کے ماتھے کا اصل جھومر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام گورنر ہاؤ س میں منعقد ہ گورونانک بانی،توحید تے پریم دی نشانی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابا گورونانک کا ہمارے بزرگان دین کیساتھ پیار محبت کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہو گا۔ گورونانک صاحب کا آفاقی پیغام انکی شناخت ہے۔

(جاری ہے)

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین محمد صدیق الفاورق نے کہا کہ بابا گورونانک جی کو مسلمان قوم کی طرف سے بہت احترام دیا جاتا ہے اور انہیں ایک صوفی کا درجہ حاصل ہے ۔ بابا نانک جی کا کلام انسان دوستی، توحید اور امن و آتشی کا پیغمبر ہے ۔

انہوں نے انسانوں کو پیغام دیا کہ مذہب خدا تک پہنچنے کا راستہ ہے اور اسکی اڑ میں ظلم و ستم روا رکھنا یا انہیں محکوم بنانا مذہبی احکامات کی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مذہبی اور صوبائی حکومت ہر سطح پر ننکانہ صاحب کی طرف توجہ دے رہی ہے اور ہم نے پہلے کی نسبت اعلیٰ سطح کے انتظامات کیے۔بھارات سے آئے سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار گورو بچن سنگھ چیمہ اور سردار گورو میت سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہیں اپنے گوروں کی دھرتی سے بہت پیار ہے اور گوردواروں کی تعمیر و ترقی دیکھ کر ہم اپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کر سکتے ۔

ہم سیکورٹی سمیت دیگر اعلیٰ انتظامات پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق کے بے حد شکر گزار ہیں ۔تقریب سے پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھا ن سردار شام سنگھ ، سردار من موہن سنگھ خالصہ ، الیگزینڈر جان ملک،اسفندیار بھنڈارا سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور بابا گورونانک زندگی اور انسانیت کیلئے کی گئی خدمات کو سراہا۔