حکومت نے تمام مذہبی اقلیتوں کو پاکستانیت کی لڑی میں پرویا ہوا ہے‘عطا محمد مانیکا

پاکستان نے سکھوں کے مذہبی مقامات کی ہمیشہ حفاظت کی ہے ‘ صوبائی وزیر اوقاف کی وفدسے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 20:30

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطا مانیکا سے برطانیہ سے آئے ہوئے سکھ برادری کے 5 رکنی وفد نے پنجاب انوسٹمنٹ بورڈ لاہور پنجاب کے آفس میں ملاقات کی -اس موقع پر چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق بھی موجود تھے -وفد کے ارکان میں سردار سنگاڑا سنگھ،سردار اوتار سنگھ ، سردار بلدار سنگھ ، سردار جوگا سنگھ ، سردار بوندر سنگھ شامل تھے -وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطا محمد مانیکا نے کہا کہ پاکستان مذہبی اقلیتوں کی جنت ہے - جنوبی ایشیا میں پاکستان کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہاں بسنے والے اقلیتوں کے افراد مکمل آزادی ،سکون ، احساس تحفظ کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں -یہاں پر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ،سکھ،عیسائی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے افراد قومی ترقی کے دھارے میں برابر کے شریک ہیں - حکومت نے تمام مذہبی اقلیتوں کو پاکستانیت کی لڑی میں پرو کر ایک ایسا گلستان بنایا ہے جس میں مختلف مذہبی عقائد ،برادریوں اور قومیتوں کے افراد اپنی اپنی خوشبو سے اس گلستان کو مہکا رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ مسلمان اور سکھ عقیدہ توحید کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں اور دونوں کا ایک خدا پر ایمان ہے - یہ ایک ایسا مضبوط رشتہ ہے جو بے مثال اور منفرد ہے -انہوں نے کہا کہ سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ میں بابا فرید گنج شکر کا کلام بھی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سکھ مسلمانوں سے مذہبی لحاظ سے قریب اور دونوں قومیں برصغیر میں ایک منفرد تاریخی مقام کی حامل ہیں -انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے مذہبی مقامات کی ہمیشہ حفاظت کی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان میں آنے والے سکھوں کو کوئی تکلیف نہ ہو - چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے اس موقع پر سکھ زائرین کی خدمت کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا -وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ وہ اپنی مذہبی مقامات کے یاترا کے لئے ملٹی پل ویزے کے لئے پاکستان سے استدعا کرتے ہیں تاکہ وہ برطانوی شہری کی حیثیت سے پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات کی خدمت کر سکیں - انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ، برطانیہ اور کینیڈا کی سکھ برادری پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے ہم حکومت پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ہمیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے باقاعدہ اجازت نامہ دے-اس موقع پر ایم پی اے نجمہ افضل خان ، سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور نیئر اقبال ،کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ حان سنبل ،چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ عبدالباسط ،چیف ایگزیکٹو سرمایہ کاری بورڈ پنجاب ، ہوم سیکرٹری پنجاب کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے -

متعلقہ عنوان :