پیر س حملوں کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد،ہلاک افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

فرانسیسی صدر کی سربراہی میں منعقد تقریب میں فوجی بینڈ کی طرف سے قومی ترانہ بجایا گیا ،حملوں کا نشانہ بننے والے تمام 130 افراد کے نام با آواز بلند پڑھے گئے

جمعہ 27 نومبر 2015 21:03

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پیرس میں ہونے والے دہشتگرد حملوں میں مارے جانے والوں کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 2 ہزار کے قریب افراد شریک ہوئے ،حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔عالمی میڈیا کے مطابق دہشت گردانہ حملوں کے بعد خوف کے شکار فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں یہ خصوصی تقریب شہر کے فوجی عجائب گھر کے قریب منعقد کی گئی۔

اس تقریب میں قریب دو ہزار افراد شریک ہوئے۔ خصوصی تقریب میں حملوں کا نشانہ بننے والے تمام 130 افراد کے نام با آواز بلند پڑھے گئے۔ ٹھیک دو ہفتے قبل یعنی جمعہ 13 نومبر کی شام ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے دوران پیرس کے فٹبال اسٹیڈیم، ایک کنسرٹ ہال اور شہر کے کئی بارز اور ریستورانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان حملوں میں دیگر 350 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

پیرس کے ملٹری میوزیم 'انوالیڈیز‘ کے صحن میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں متاثرہ افراد کے اہل خانہ شریک تھے۔ اس کے علاوہ حملوں کے دوران زخمی ہونے والے افراد بھی موجود تھے۔فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کی سربراہی میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں فوجی بینڈ کی طرف سے ملک کا قومی ترانہ بجایا گیا جس کے بعد تقریب میں شریک لوگوں نے مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔اس موقع پر ارد گرد کی عمارتوں کے اوپر اور ان کی کھڑکیوں پر فرانسیسی پرچم لگائے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :