بھارتی اسپیشل ٹاسک فورس کا پاکستانی ایجنٹ کو گرفتارکرنے کا دعویٰ

آئی جی اسپیشل ٹاسک فورس سجیت پانڈے کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 21:18

نئی دہلی/ لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء ) بھارتی ریاست اتر پردیش میں اسپیشل ٹاسک فورس نے پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے بھارتی فوج سے متعلق حساس دستاویزات برآمد کرنے کا دعویٰ کردیا۔جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق آئی جی اسپیشل ٹاسک فورس سجیت پانڈے نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میرٹھ کینٹ کے علاقے سے پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کو گرفتارکرلیا گیا ہے جس کے قبضے سے بھارتی فوج سے متعلق حساس دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔

محمد اعزاز الیاس عرف محمد کالام اسلام آباد کے علاقے ترامڑی چوک عرفان آباد کا رہائشی ہے جسے دہلی جاتے ہوئے گرفتارکیا گیا ۔ سجیت پانڈے کاکہنا تھا کہ گرفتار ایجنٹ کے قبضے سے بھارتی فوج سے متعلق دستاویزات،پاکستانی شناخت کا ثبوت،مغربی بنگال کی جعلی ووٹرشناخت،ضلع بریلی کے پتے والا جعلی کارڈ،دہلی میٹرو کارڈ،لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہناتھا کہ اسپشل ٹاسک فورس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک پاکستانی کو بھارتی فوج کے بارے میں معلومات جمع کرنے کیلئے بنگلہ دیش کے ذریعے مغربی اترپردیش بھیجا گیا ہے ۔پانڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ 2012میں پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ساتھ اسکا رابطہ ہوا تھا جس نے اسے بھارت بھیجنے کیلئے تربیت دی ۔اعزاز کے خلاف میرٹھ کے صدر بازار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :