پاکستان عالمی امن اور سلامتی کے قیام کیلئے اپنی شرکت کو ذمہ داری سمجھتا ہے ،جنرل راحیل شریف

ملک میں آپریشن ضرب عضب کے باوجود اقوام متحدہ کی چھتری تلے قیام امن کے چھ مشنز کیلئے فوجی بھجوا رکھے ہیں ، پاک فوج کے افسر اور جوان قیام امن آپریشنز میں اپنی جرأت اور بہادری کا لوہا منوا رہے ہیں ، پاکستان قیام امن آپریشنز کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ، پاک فوج کے سربراہ کی آئیوری کوسٹ میں یو این امن مشنز میں تعینات پاکستانی فوجیوں سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 21:47

راولپنڈی/ یوموشکرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور سلامتی کے قیام کیلئے اپنی شرکت کو ایک ذمہ داری سمجھتا ہے ، ملک میں آپریشن ضرب عضب کے باوجود اقوام متحدہ کی چھتری تلے قیام امن کے چھ مشنز کیلئے پاکستان نے اپنے فوجی بھجوا رکھے ہیں ، پاک فوج کے افسر اور جوان قیام امن کے آپریشنز میں اپنی جرأت اور بہادری کا لوہا منوا رہے ہیں ، پاکستان قیام امن آپریشنز کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ۔

اقوام متحدہ کے تحت آئیوری کوسٹ میں قیام امن کے مشن میں تعینات پاکستانی فوجیوں سے ملاقات کی اور پورا دن ان کے ساتھ گزارا ۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور اقوام متحدہ کی چھتری تلے ایک محفوظ دنیا کیلئے امن کے فروغ اور استحکام کی خاطر انکے عزم کو سراہا ۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان قیام امن آپریشنز کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے اور وہ اقوام متحدہ اور پاکستان کا پرچم سر بلند رکھے گا ۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کو تاریخی طور پر اور حالیہ عرصے میں اقوام متحدہ کہ قیام امن مشنز میں فوجیوں کی شمولیت کے لحاظ سے نمایاں کردار ادا کرنے پر فخر ہے ۔ پاکستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کے قیام کیلئے اپنی شرکت کو ایک ذمہ داری سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ملک میں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز کے باوجود اقوام متحدہ کے تحت 6 امن مشنز کیلئے اپنے فوجی بھجوا رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان قیام امن آپریشنز میں اپنی جرأت اور بہادری کا لوہا منوا رہے ہیں ۔ آئیوری کوسٹ کے صدر نے پاکستانی فوجیوں کی شاندار کارکردگی پر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا ۔