Live Updates

عمران خان کا راستہ روکنے والے ناکام ہو چکے ،ملک گیر تبدیلی ناگزیر ہے ‘عبدالعلیم خان

مہنگائی ،بے روزگاری ،کرپشن اور امن و امان کی خراب تر صورتحال حکمرانوں کا منہ چڑا رہی ہے‘تقریب سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا راستہ روکنے والے ناکام ہو چکے ہیں ،حالات کو جوں کا توں رکھنے کی حامی قوتوں نے تحریک انصاف کے خلاف ایکا کر رکھا ہے لیکن ملک گیر تبدیلی ناگزیر ہے ۔ این اے122سے الیکشن پٹیشن دائر کرنے کی خوشی میں پی ٹی آئی کارکنوں سے گلبرگ آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ حقیقت ہے گذشتہ اڑھائی برسوں میں حالات خراب سے خراب تر ہوئے ہیں آڈیٹر جنرل سمیت حکوتی اداروں کی اپنی رپورٹیں حکومتی کارکردگی کا پول کھولنے کیلئے کافی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بے روزگاری ،کرپشن اور امن و امان کی خران صورتحال حکمرانوں کا منہ چڑا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے عوام کو کھلا دھوکہ دیا ہے اور تمام حکومتی معاملات عالمی طاقتوں کی ڈکٹیشن کے مطابق چلائے جا رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے یکم دسمبرسے نئے منی بجٹ کو لاگو کرنے کے فیصلے کو ظالمانہ اور غریب کُش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں برادران کے عوام دوستی کے کھوکھلے دعوے کھل کر سامنے آ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سینکڑوں اشیاء پر نئے ٹیکس لگاناغیر قانونی اقدام ہے جس کا مالی سال کے وسط میں کوئی جواز نہیں بنتا اور تحریک انصاف اس پر اسمبلیوں کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی ۔عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ نئے عزم اور حوصلے کا ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور عمران خان کی قیادت میں تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے میدان عمل میں رہیں ۔

اس موقع پر پی پی147سے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کے عوام کے مسائل کو پنجاب اسمبلی میں ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان کے بنائے ہوئے میاں میر ہسپتال کو 5سال تک بند رکھنے کے بعد اب ایاز صادق کو اس منصوبے کی یاد آ ہی گئی ہے عوام ایسی سیاسی چالوں سے بخوبی آ گاہ ہیں اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی کا شاندار استقبال کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات