پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ نے دو قومی نظریئے کے تحت بنایا تھا،قادر خان

عمران خان جیسے ناعاقبت اندیش سیاستدانوں کی وجہ سے پاکستان کے دو قومی نظریئے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا

جمعہ 27 نومبر 2015 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) پختون رابطہ کونسل پاکستان کے چیئرمین قادر خان نے جرگہ ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دو قومی نظریئے کے تحت بنایا تھا اور بانیان پاکستان اور لاکھوں محبان وطن کی جانب سے جان و مال کی قربانیوں کے طفیل پاکستان کا حصول ایک نیک مقصد کیلئے تھا لیکن عمران خان جیسے ناعاقبت اندیش سیاستدانوں کی وجہسے پاکستان کے دو قومی نظریئے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور صوبائیت ، لسانیت اور فرقہ پرستی کے ساتھ ساتھ اسلامی نظریاتی پاکستان کے بجائے خو ساختہ نظریات لبرل ازم و سیکولرازم پر مبنی نئے پاکستان کے پر فریب نعروں نے نوجوان نسل کو پاکستان کے اغراض و مقاصد سے نا آشنا کردیا۔

(جاری ہے)

موجودہ پاکستان کو نیا بنانے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ جس اساس پر پاکستان کا وجود عمل لایا گیا اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔پاکستان اپنے دو قومی نظریئے کی بنا پر آج بھی دنیا کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے لیکن پاکستان بننے کی مخالفتوں کرنے والوں کے قد کو قائداعظم سے بڑھا نے والے پاکستان سے مخلص نہیں کہلائے جاسکتے۔قادر خان یوسف زئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمیں مخالفین پاکستان کے پیروکار بننے کے بجائے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔