وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا شہر کی خوبصورتی و دیگر میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار ،پیشرفت کا تفصیلی جائزہ

منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز کی رکاوٹ حائل نہ ہو، حیات آباد فلائی اوور کا 85فیصد کام مکمل ، کلین اینڈ گرین پشاور کا ایجنڈا احسن طریقے سے مکمل کیا جائے، پرویز خٹک کی ہدایت

جمعہ 27 نومبر 2015 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور شہر کی خوبصورتی، تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور انکے اعلیٰ معیار کو ہر حالت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تا کہ شہر کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تمام شہری سہولیات عوام کو جلد از جلد میسر آسکیں۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی خوبصورتی اور دیگر میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اﷲ، پشاور میگا پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی کویوسفزئی ،ایم پی اے جاوید نسیم، محکمہ ہائے خزانہ و بلدیات کے سیکرٹریوں، کمشنر پشاور، سی ای او واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز آف پشاور، ڈی جی پی ڈی اے سمیت پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، آبپاشی، میونسپل سروسز و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متعلقہ محکموں نے پشاور شہر میں جاری اور مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو ایک جامع بریفینگ دی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری فنانس کو ہدایت کی کہ محکمہ آبپاشی کیلئے مختص رقوم فوری طور پر جاری کی جائیں تا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز کی رکاوٹ حائل نہ ہو وزیراعلیٰ نے پشاور سمیت صوبے بھر کے قدیم شہروں کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اولڈ سٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے محکمہ بلدیات کو ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کے اندر تاریخی گھنٹہ گھر کے اردگرد تجاوزات کے خاتمے کے بعد فٹ پاتھ، نکاسی آب اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ تیار کرکے اس کی لاگت کا تخمینہ بھی تیار کیا جائے انہوں نے پشاور شہر میں فوڈ سٹریٹ کے قیام کیلئے نمک منڈی یا کسی دیگر موزوں مقام کی نشاندہی اور اس کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے بھی کمشنر پشاور کو ہدایات جاری کیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں محکمہ آبپاشی کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے انہوں نے کہا کہ کینال روڈ پر تجاوزات ہٹانے کیلئے انتظامیہ فوری اقدامات اٹھائے جبکہ کینٹ ایریا سے رنگ روڈ تک جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی کی غرض سے سڑک کی کشادگی یا ڈبل فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق تجاویز پر غور کیا جائے وزیراعلیٰ نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز آف پشاور کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے مختلف حصوں میں ضلعی اور ٹاؤن ناظمین کی مشاورت سے فٹ پاتھ بنانے کیلئے ڈیزائن مرتب کریں اور کوڑاکرکٹ کو اُٹھانے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ یونین اور ویلج کونسلوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے مختص 20فیصد فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیرزکوڑی پل سے لیکر باڑہ ندی تک پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے سروس روڈ کی تعمیر سے قبل زیر زمین سیوریج کا نظام مکمل کیا جائے وزیراعلیٰ نے ایم ایس پی کے ترقیاتی کاموں کیلئے خدمات انجام دینے والی کنسلٹنٹ فرموں کی کارکردگی اور عملے کی مکمل معلومات حاصل کرنے کی غرض سے بھی متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کیں۔

قبل ازیں متعلقہ محکموں نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی اس موقع پر ایم ایس پی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ میونسپل سروسز کے ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار ڈی آئی خان اور ملاکنڈ تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ ادارے کے شروع کردہ منصوبوں میں جی ٹی روڈ سیوریج لائن کی سینی ٹیشن کا منصوبہ فروری 2016میں مکمل ہو جائے گا جبکہ یو سی 11,12، اور 26میں نالیوں کا کام بھی آئندہ سال 2016میں مکمل ہو گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ متعدد نئے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر بھی شائع ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی کے پروگرام کے تحت شروع کردہ چارمنصوبے 24ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کرلئے جائیں گے جبکہ نہروں کے کنارے سڑکوں کی کشادگی کے متعدد منصوبوں کا تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہWSSPشہر میں محلوں اورگھروں کے سامنے کوڑا کرکٹ اور گندگی کو جمع کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جس سے نہروں میں کوڑا پھینکنے کی روش میں کافی حد تک کم آئی ہے۔

اجلاس میں پی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ تیسرے بڑے ترقیاتی منصوبے حیات آباد فلائی اوور کا تقریباً 85فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ اپ لفٹ پروگرام کے تحت 27 سکیموں پر کام جاری ہے اور زکوڑی پل سے شہر کی انتظامی حد تک سڑک کنارے ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی کے منصوبے کے تحت زکوڑی پل سے لیکر سورے پل تک سڑک کنارے تزئین و آرائش کا 60فیصد کا م مکمل کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام محکموں پر زوردیا کہ وہ ان منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے مربوط اقدامات کریں تاکہ کلین اینڈ گرین پشاور کا ایجنڈا احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔