پولنگ اسٹیشنز پر فوج ،رینجرز کی تعیناتی سے انتخابات کے دوران امن وامان کی فضاء قائم ،انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے گا،طارق مسعود آرائیں

پہلے اور دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات میں ایک دو واقعات کے سوا مجموعی صورتحال بہتر رہی،وزیرکچی آبادی سندھ

جمعہ 27 نومبر 2015 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی، طارق مسعود آرائیں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی میں انتخابات کو شفاف اور پر امن بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے انتخابات میں فوج اورینجرز کی تعیناتی کا کہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار آج انھوں نے اپنے جاری ہو نے والے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہ صوبے بھر میں پہلے مرحلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ایک دو واقعات کے سوا مجموعی صورتحال بہتر رہی اور انتخابات میں شفافیت اور امن بھی قائم رہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی میں شفاف انتخابات اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہرممکن کوشش کرتے ہوئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ وفاق سے یہ امید کرتی ہے کہ وہ ہماری طرف سے دی جانے والی تمام تجاویز پر عملد رآمد کریگی تاکہ پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے انتخابات کے دوران امن وامان کی فضاء کو قائم اور انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے ۔انہوں نے انتخابی عمل کے شفاف اور پرامن ہونے کے سا تھ سا تھ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں بھی حکومت سندھ کی طرف سے دی جانے والی تمام تجاویزسے متفق ہونگی ۔