حضرت شاہ عبدا للطیف بھٹائی ؒ کے فکر و پیغام کو عام کر کے معاشرے میں امن و سکون ،بھائی چارے کی فضاء پیدا کی جا سکتی ہے،سینیٹر ڈاکٹر عبد القیوم سومرو

وقت کا بھی یہی تقاضا ہے شاہ کے پیغام کو پوری دنیا میں روشناس کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، شاہ لطیف کے عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 22:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف و مذھبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبد القیوم سومرو نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبدا للطیف بھٹائی ؒ کے فکر و پیغام کو عام کر کے معاشرے میں امن و سکون اور بھائی چارے کی فضاء پیدا کی جا سکتی ہے وقت کا بھی یہی تقاضا ہے کہ شاہ کے پیغام کو پوری دنیا میں روشناس کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔

وہ صوفی شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی ؒ کے272ویں سالانہ سہ روزہ عرس کے افتتاح کے موقع پر مزار پر چادر چرھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر سیکریٹری اوقاف ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام مرتضیٰ شیخ ، ایس ایس پی مٹیاری امجد شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ تقریباً 250سال قبل شاہ سائیں نے امن کا جو عالمی پیغام دیا تھا اگر ہم اس پر عمل پیرا ہوتے تو معاشرے میں کہیں بھی افرا تفری اور نفرت کا ماحول نہیں ہوتا، انہوں نے کہا کہ شاہ سائیں نے اپنے پیغام میں ہر انسان سے بھلائی کرنے کا درس دیا ہے مگر ہم نے شاہ سائیں کے پیغام کو بھلا دیا اور آج عالم یہ ہے کہ کسی مذہب یا انسان کو تحفظ حاصل نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوری دنیا کو اپیل کی کہ وہ شاہ سائیں کے پیغام پر عمل پیرا ہو کر پوری دنیا سے نفرت کا خاتمہ کریں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں محکمہ اوقاف کے پاس 80درگاہیں اور مساجد زیر زیر کنٹرول ہیں جن کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام جاری ہے جبکہ پہلے مرحلے میں شاہ عبد اللطیف بھٹائی ، قلندر شہباز کی درگاہوں کی تزئین و آرائش ، مسافر خانوں کی تعمیر ، درگاہ احمد شاہ لکیاری کی از سر نؤ ن تعمیر اور درگاہ سعیدی موسانی پر ترقیاتی کام جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور درگاہوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت صوبے میں موجود صوفی بزرگوں ، اولیاؤں اور درویشوں کی تمام درگاہوں پرچار دیواری کی تعمیر ، سی سی ٹی وی کیمراز نصب کرنے سمیت تمام مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی جیسے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، قبل ازیں انہوں نے درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ پر چادر چڑھا کر عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کا افتتاح کیا فاتحہ خوانی کی اور غریب خواتین میں کپڑے تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :