وزیر اعلی پنجاب کا ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب، میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر پیش رفت کا جائزہ

لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے روٹ پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں۔وزیر اعلی

جمعہ 27 نومبر 2015 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان کی تاریخ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سب سے بڑا اورمنفرد پراجیکٹ ہے ۔میٹروٹرین سے عوام کو آرام دہ ،باکفایت اورباوقار سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ منصوبے سے کوئی بھی تاریخی عمارت یامقام متاثرنہیں ہوگا۔

تمام تاریخی مقامات اور عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے اور میں خود اس منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں-منصوبے کے سول ورکس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔متعلقہ حکام تعمیراتی کام کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دیں۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیار کو یقینی بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور اس سلسلے میں سٹےئرنگ کمیٹی منصوبے پر پیش رفت کا خود باقاعدگی سے جائزہ لے کر فیصلے کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں خصوصا رات کے وقت کام کرتے ہوئے لائٹس کامناسب انتظام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز کیلئے بھی ضروری حفاظتی انتظامات کے ساتھ فرسٹ ایڈ کے پوائنٹس بھی بنائے جائیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے روٹ پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں۔

شہریوں کی تکلیف کے ازالے کیلئے موثر ٹریفک مینجمنٹ کا نظام بنایا جائے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے- چیف ٹریفک آفیسر روٹ پرٹریفک انتظامات کا خود جا کر جائزہ لیں۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ،رانا مشہود احمد ،عائشہ غوث پاشا،ایم این اے پرویز ملک ،ترجمان پنجا ب حکومت زعیم حسین قادری،پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر،اراکین صوبائی اسمبلی ماجد ظہور،باوٴ اختر،چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل ،خواجہ احمد حسان، چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی،ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :