چہلم امام حسینؓ کے موقع پر کوئٹہ سمیت سات اضلاع میں دفعہ 144کے نافذ

چہلم کے موقع پر کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی، سیکرٹری داخلہ بلوچستان

جمعہ 27 نومبر 2015 22:52

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) چہلم حضرت امام حسین کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلاس سیکرٹری داخلہ بلوچستان کیپٹن(ر) اکبر حسین درانی کی زیر صدارت ہوا جس میں پولیس ،ایف سی اور لیویز حکام نے شرکت کی ،اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے بتایا کہ اجلاس میں صوبے میں چہلم حضرت امام حسین کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چہلم امام حسین کے موقع پر کوئٹہ سمیت سات اضلاع میں دفعہ 144نافذ کی جائے گی،دفعہ 144کے تحت تین دسمبر کو کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی،سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے حساس اضلاع میں کالے شیشے والی گاڑیوں ،غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاون کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے عنقریب مہم کا اغاز کردیاجائے گا ،انہوں نے بتایا کہ چہلم امام حسین پر کوئٹہ میں دو ہزار پولیس ،32پلاٹوں ایف سی اور شہر کے پہاڑوں پر ڈیڈھ سو لیویز اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جبکہ جلوس کی سیکورٹی کیلئے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی جائے گی۔